سرینگر//
سالانہ امر ناتھ جی یاترا کے دوران یاتریوں اور سیاحوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کی خاطر ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس کشمیر رینج وجے کماراور آئی جی کشمیر وی کے بردھی نے سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔
اطلاعات کے مطابق سالانہ امر ناتھ یاترا کو بہ احسن خوبی پایہ تکمیل تک پہنچانے کی خاطر سیکورٹی کے فقیدالمثال انتظامات کئے گئے ہیں۔
پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ آئی جی کشمیر وی کے بردی نے بالہ تل میں سیکورٹی انتظامات کا بچشم جائزہ لیا، اس موقع پر آفیسر موصوف کو یاترا روٹوں پر سیکورٹی فورسز کی تعیناتی کے بارے میں بھی جانکاری فراہم کی گئی۔
ترجمان نے کہاکہ بعد ازاں آئی جی کشمیر کو پاور پوائنٹ پرزنٹیشن کے ذریعے بالہ تل میں کئے جا رہے سیکورٹی انتظامات کے بارے میں آگاہی فراہم کی گئی۔
آئی جی کشمیر نے اس موقع پر آفیسران پر زور دیا کہ وہ چوبیس گھنٹے متحرک رہے تاکہ امن دشمن عناصر کے منصوبوں کو ناکام بنایا جاسکے ۔انہوں نے کہاکہ سالانہ امر ناتھ یاترا کے دوران یاتریوں کو کسی قسم کی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے اس کے لئے زمینی سطح پر اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے ۔
دریں اثنا اے ڈی جی پی وجے کمار نے بھی سالانہ امر ناتھ یاترا کے حوالے سے سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لیا ۔
اے ڈی جی پی نے قومی شاہراہ پر حفاظتی اقدامات کا مشاہدہ کرنے کے ساتھ ساتھ یاترا گاڑیوں کو فراہم کی جارہی سیکورٹی کا بھی ذاتی طورپر معائنہ کیا۔
وجے کمار نے جوانوں سے کہاکہ سیکورٹی چیلنجوں سے بہتر طریقے سے نمٹنے اور قومی شاہراہ پر یاتریوں کی حفاظت اور ہموار نقل وحمل کو یقینی بنانے کی خاطر بھی زمینی سطح پر اقدامات کئے جائیں۔
ذرائع نے بتایا کہ یاترا کے احسن انعقاد کیلئے ’امسال یاترا کے لئے جموں صوبہ میں سیکورٹی کے پختہ انتظامات کئے گئے ہیں، لکھن پور سے جواہر ٹنل تک جو۲۶۸کلو میٹر قومی شاہراہ پانچ اضلاع کٹھوعہ، سانبہ، جموں، اودھم پور اور رام بن سے گزرتی ہے ، کو مختلف زونوں اور سیکٹروں میں تقسیم کیا گیا ہے اور زونل سطح پر ایک افسر کو لگایا گیا ہے ‘۔
ذرائع نے کہا کہ یاترا کو سب سے زیادہ دراندازی کا خطرہ رہتا ہے جس کے لئے سیکورٹی گرڈ کو مزید مضبوط کیا گیا ہے ۔
اس دوران ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس (اے ڈی جی پی) لا اینڈ آرڈو اور ایس ڈی آر ایف کے کمانڈنٹ وجے کمار نے انسپکٹر جنرل آف پولیس کشمیر وی کے بردی اور دیگر عہدیداروں کے ساتھ امر ناتھ یاترا کے پیش نظر جموں و کشمیر پولیس، ایس ڈی آر ایف، بی ایس ایف اور سی آر پی ایف کی مشترکہ ایم آر ٹی ٹیموں کو بریفنگ دی۔
بتادیں کہ امسال امرناتھ یاترا۲۹؍جون سے شروع ہو رہی ہے جس کے لئے تمام تر انتظامات کئے جا رہے ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ اعلیٰ افسروں نے سامان کا بھی معائنہ کیا اور یاترا سے قبل ٹیموں کو بھی بریفنگ دی۔انہوں نے کہا کہ ڈی آئی جی جنوبی کشمیر، ڈی آئی جی آرمڈ، این ڈی آر ایف کے کمانڈنگ افسر اور ایس ڈی آر ایف کے کمانڈنگ افسر بھی ان کے ہمراہ تھے ۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ جموں و کشمیر پولیس کی۱۳‘ ایس ڈی آر ایف کی ۱۱‘ این ڈی آر ایف کی ۸‘ بی ایس ایف کی۴؍اور سی آر پی ایف کی۲ٹیموں کو بریفنگ دی گئی اور ان کو یاترا روٹس پر اضافی تعیناتی کے لئے روانہ کیا گیا۔
جموںکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کچھ روز قبل کہا کہ یاترا کے کامیاب انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے سخت حفاظتی بندو بست کے ساتھ ساتھ دوسری تمام ترسہولیات کا بھی بہترین انتظام کیا گیا ہے ۔
امسال۵۲دنوں پر محیط امرناتھ یاترا ۲۹جون سے شروع ہوگی۔
یاترا حسب روایت ۴۸کلو میٹر طویل بنون، پہلگام اور۱۴کلو میٹر طویل بالتل روٹس سے شروع ہوگی۔
سال گذشتہ زائد از ساڑھے چار لاکھ یاتریوں نے امر ناتھ یاترا کی تھی۔