سرینگر/14 جون
نیشنل کانفرنس کے صدر اور سابق وزیر اعلیٰ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کشمیری پنڈتوں کی بہت جلد گھر واپسی کی امید ظاہر کی ہے ۔انہوں نے کہا کہ وہ دن جلد آئے گا جب کشمیری پنڈت گھر واپس آکر ہمارے ساتھ امن کے ساتھ رہیں گے ۔
این سی صدر نے ان باتوں کا اظہار جمعہ کے روز وسطی کشمیر کے تولہ مولہ میں واقع کھیر بھوانی مندر میں میلہ کھیر بھوانی میں شرکت کرنے کے دوران نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔
فاروق نے کہا”مجھے امید ہے کہ وہ دن بہت جلد آئے گا جب کشمیری پنڈت واپس اپنے گھر آئیں گے اور ہمارے ساتھ امن کے ساتھ رہیں گے “۔ان کا کہنا تھا”آپسی بھائی چارہ، ہندو مسلم سکھ اتحاد بہت ضروری ہے جو یہیں سے شروع ہو کر سارے ملک میں پھیل جائے گا“۔
سابق وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اس میلے سے متعلق سب سے اچھی بات یہ ہے کہ یہاں ہمارے بھائی بہن جمع ہو کر دعائیں مانگتے ہیں۔
بتادیں کہ تولہ مولہ میں میلہ کھیر بھوانی انتہائی مذہبی جوش وخروش اور تزک و احتشام کے ساتھ منایا جا رہا ہے ۔