نئی دہلی/۳جون
الیکشن کمیشن آف انڈیا نے پیر کو کہا کہ وہ جموں و کشمیر میں اسمبلی انتخابات کرانے کے لئے تیار ہے اور مرکز کے زیر انتظام علاقے میں گزشتہ چار دہائیوں میں 2024 کے لوک سبھا انتخابات میں سب سے زیادہ رائے دہندگی ریکارڈ کی گئی ہے۔
چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار نے نئی دہلی میں 7 مرحلوں میں ہونے والے عام انتخابات کا جائزہ پیش کرنے کے لئے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کمیشن جموں و کشمیر میں اسمبلی انتخابات کرانے کے لئے تیار ہے۔
کمار نے کہا کہ جموں و کشمیر میں گزشتہ چار دہائیوں میں 2024 کے لوک سبھا انتخابات میں سب سے زیادہ 58.58 فیصد رائے دہندگی ریکارڈ کی گئی جبکہ وادی کشمیر میں 51.05 فیصد رائے دہی ریکارڈ کی گئی۔
چیف الیکشن کمشنر نے یہ بھی کہا کہ جموں و کشمیر سمیت ملک میں کہیں بھی انتخابات کے دوران کسی بڑے واقعہ کی اطلاع نہیں ملی ہے۔
سات مرحلوں میں ہونے والے لوک سبھا انتخابات یکم جون کو ختم ہوئے تھے جبکہ ووٹوں کی گنتی کل ہوگی۔ یکم جون کو ایگزٹ پول میں وزیر اعظم نریندر مودی کی زیرقیادت این ڈی اے کی زبردست جیت کی پیش گوئی کی گئی تھی اور اتحاد کو 350 سے زیادہ نشستیں ملنے کا امکان ہے۔
دریں اثنا جموں و کشمیر سمیت ملک بھر میں ووٹوں کی گنتی کے لئے سخت حفاظتی انتظامات کے ساتھ تمام انتظامات کئے گئے ہیں۔
جموں و کشمیر کے زیادہ تر ایگزٹ پولز میں وادی کشمیر کی تینوں لوک سبھا سیٹوں پر نیشنل کانفرنس، جموں ڈویڑن میں بی جے پی کو دو اور لداخ میں کانگریس کو واحد لوک سبھا سیٹ جیتنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔