سرینگر//
ایگزٹ پول میں جموں و کشمیر میں نیشنل کانفرنس (این سی) کو تین اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کو دو نشستیں ملنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
زیادہ تر ایگزٹ پول میں سری نگر، بارہمولہ اور اننت ناگ راجوری پارلیمانی نشستیں نیشنل کانفرنس اور جموں اور کٹھوعہ اودھم پور کی دو نشستیں بی جے پی کو ملنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
سرینگر حلقہ میں مرکزی مقابلہ نیشنل کانفرنس کے سید روح اللہ مہدی اور پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کے وحید پارا کے درمیان تھا۔ایگزٹ پول میں سرینگر کی نشست نیشنل کانفرنس کے سید روح اللہ مہدی کو ملنے کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
بارہمولہ سیٹ پر سابق وزیر اعلیٰ نیشنل کانفرنس کے عمر عبداللہ، عوامی اتحاد پارٹی (اے آئی پی) کے انجینئر رشید اور پیپلز کانفرنس (پی سی) کے سجاد لون کے درمیان سہ رخی مقابلہ تھا۔ایگزٹ پول میں بارہمولہ سیٹ سے نیشنل کانفرنس کے عمر عبداللہ کی جیت کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
اننت ناگ راجوری سیٹ کیلئے جہاں مرکزی مقابلہ نیشنل کانفرنس کے میاں الطاف احمد اور پی ڈی پی کی محبوبہ مفتی کے درمیان تھا ، ایگزٹ پول میں اس حلقے سے نیشنل کانفرنس کے میاں الطاف احمد کی جیت کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
جموں لوک سبھا سیٹ کیلئے ایگزٹ پول میں بی جے پی کے جوگل کشور شرما کی جیت کا امکان ظاہر کیا گیا ہے جبکہ ان کا مقابلہ کانگریس کے رمن بھلا سے ہے۔
کٹھوعہ اودھم پور لوک سبھا سیٹ کے ایگزٹ پول میں کانگریس کے چودھری لال سنگھ کے مقابلے میں بی جے پی کے جتیندر سنگھ کی جیت کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ (ایجنسیاں)