سرینگر//
نیشنل ہائی وے بائی پاس پر بمنہ جنکشن پر فلائی اوور کا بے صبری سے انتظار کیا جارہا ہے اور یہ جلد ہی کھل جائے گا۔
توقع ہے کہ اس نئے فلائی اوور سے ٹریفک کے وباؤ میں کمی آئے گی اور روزانہ ہزاروں مسافروں کو راحت ملے گی۔
بمنہ ا فلائی اوور بائی پاس کے ایک اہم حصے کا احاطہ کرتا ہے اور ٹریفک کے بہاؤ کو بہتر بنانے ، سفر کے وقت کو کم کرنے اور ڈرائیوروں کیلئے حفاظت میں اضافہ کرنے کے لئے ڈیزائن کیا گیا ہے۔
ایک سرکاری عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ہمیں یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ بمنہ فلائی اوور جلد ہی ٹریفک کے لیے کھول دیا جائے گا۔ان کاکہنا تھا’’یہ منصوبہ شہر کے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے اور نقل و حمل کو محفوظ اور زیادہ موثر بنانے میں ایک اہم قدم ہے‘‘۔
نیوز ایجنسی کے این ایس نے خبر دی ہے کہ بمنہ فلائی اوور تقریبا ًتیار ہے ، لیکن نوگام اور صنعت نگر جنکشن پر اسی طرح کے فلائی اوور ابھی بھی زیر تعمیر ہیں۔
ایک عہدیدار نے کہا کہ یہ منصوبے سرینگر کے روڈ نیٹ ورک کو اپ گریڈ کرنے کے ایک بڑے منصوبے کا حصہ ہیں تاکہ بڑھتی ہوئی ٹریفک کو بہتر طریقے سے سنبھالا جاسکے۔
بمنہ فلائی اوور کے جلد کھلنے کی خبر کا رہائشیوں اور مسافروں نے خیرمقدم کیا ہے ، جو کم ٹریفک اور آسان سفر کے منتظر ہیں۔
یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ ڈویڑنل کمشنر کشمیر وجے کمار بدھوڑی نے کہا تھا کہ سرینگر میں فلائی اوورز پر کام میں تیزی لائی گئی ہے ۔’’ امید ہے کہ بمنہ اور صنعت نگر دونوں فلائی اوور۳۰۲۴ کے وسط تک عوام کے لئے وقف ہوجائیں گے‘‘۔
صوبائی کمشنر نے کہا کہ اگر آپ سرینگر فلائی اوورز پر پیش رفت کو دیکھیں تو اس کی رفتار میں تیزی آئی ہے۔ حکام اس عمل پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں اور امید ہے کہ بمنہ اور صنعت نگر فلائی اوور۲۰۲۴ کے وسط تک عوام کے لیے کھول دیے جائیں گے۔