سرینگر//
سالانہ امر ناتھ یاترا کو خوش اسلوبی کے ساتھ پایہ تکمیل تک پہنچانے کی خاطر سیکورٹی ایجنسیوں اور سیول انتظامیہ کی جانب سے میٹنگوں کا سلسلہ جاری ہے ۔
معلوم ہوا ہے کہ یاترا کے دوران مزید اضافی پیرا ملٹری فورسز کی تعیناتی کا بھی فیصلہ لیا گیا ہے ۔
ڈی آئی جی سی آر پی ایف‘ راجندر پرساد نے منگل کے روز بتایا کہ یاتریوں کی سیکورٹی کے لئے تمام تر انتظامات کئے گئے ہیں۔
پرساد نے بتایا کہ حساس علاقوں کی نشاندہی کی گئی ہے جہاں پر اضافی اہلکاروں کو تعینات کرنے کا فیصلہ لیا گیا ۔اُن کے مطابق سماج دشمن عناصر کے منصوبوں کو ناکام بنانے کی خاطر سبھی تیاریاں مکمل کی گئی ہیں۔
ڈی آئی جی سی آر پی ایف نے عوام الناس سے اپیل کی ہے کہ وہ سالانہ امر ناتھ یاترا کے دوران الرٹ رہیں اور مشکوک افراد کے بارے میں سیکورٹی فورسز کو آگاہ کریں تاکہ ملک دشمن عناصر کے منصوبوں کو ناکام بنایا جاسکے ۔
واضح رہے کہ سالانہ امر ناتھ یاترا کو خوش اسلوبی کے ساتھ پایہ تکمیل تک پہنچانے کی خاطر مرکزی حکومت نے ۱۵۰کے قریب پیر املٹری فورسز کی کمپنیوں کی تعیناتی کا فیصلہ کیا جبکہ جموں وکشمیر پولیس کے ساتھ ساتھ فوج اور بارڈر سیکورٹی فورسز اہلکاروں کو بھی حساس علاقوں میں تعینات کیا جارہا ہے ۔
یہ بھی یاد رہے کہ دو سال کے وقفے کے بعد سالانہ امر ناتھ یاترا؍۳۰جون سے شروع ہو رہی ہے اور توقع کی جارہی ہیں کہ رواں سال ۱۰لاکھ کے قریب یاتری پوترا شیو لنگم کے درشن کے لئے وارد ہونگے ۔