نئی دہلی/۲۲مئی
انڈیا بلاک کو کینسر سے بھی بدتر قرار دیتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے چہارشنبہ کے روز کہا کہ سماج وادی پارٹی اور کانگریس ان کے ذریعہ کئے گئے کام کو ختم کریں گی، حکومت کے ذریعہ بنائے گئے مکانات چھین لیں گی، لوگوں کے جن دھن کھاتوں کو بند کریں گی، ان کے بجلی کنکشن کاٹ دیں گی اور پانی کے نل ہٹائیں گے۔
یہ کہتے ہوئے کہانڈیا بلاک کینسر سے بھی بدتر بیماری ہے ، مودی نے کہا کہ اتحادکی پارٹیاں سخت فرقہ وارانہ ، ذات پرست اور خاندانی مرکوز ہیں۔ یہ بیماریاں قوم کےلئے کینسر سے بھی بدتر ہیں۔
مودی اتر پردیش کے شراواستی سے بی جے پی امیدوار ساکیت مشرا کی حمایت میں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کر رہے تھے۔
وزیر اعظم نے کہا”جب لوگ ان سے پوچھتے ہیں کہ انہوں نے پچھلے۶۰ سالوں میں کیا کیا، تو وہ اپنے پتے نکال لیتے ہیں، جس کا مقصد سماج کو تقسیم کرنا اور ووٹ جہاد کرانا ہے۔
انڈیا بلاک پارٹیوں پر خوش نودی کی سیاست میں ملوث ہونے کا الزام لگاتے ہوئے مودی نے کہا کہ کانگریس کہتی ہے کہ ملک کی املاک پر پہلا حق مسلمانوں کا ہے۔ لیکن مودی کہتے ہیں کہ جائیداد پر ملک کے غریبوں کا پہلا حق ہے۔
وزیر اعظم نے عوام سے کہا کہ کانگریس آپ کی کمائی چھین کر اپنے ووٹ بینک کو دینا چاہتی ہے جو ووٹ جہاد میں ملوث ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ۱۰ سالوں میں مودی نے ۴کروڑ غریبوں کو مستقل گھر دیئے ہیں۔ اب سماج وادی پارٹی اور کانگریس نے سب کچھ پلٹنے کا فیصلہ کیا ہے، یعنی وہ آپ سے چار کروڑ گھروں کی چابیاں لے لیں گی، وہ گھر چھین لیں گی اور انہیں اپنے ووٹ بینک میں دے دیں گی۔
مودی نے کہا”اس کے علاوہ مودی نے ۰۵کروڑ سے زیادہ لوگوں کے جن دھن کھاتے کھولے ہیں۔ وہ آپ کے بینک اکاو¿نٹس بند کر دیں گی اور آپ کے پیسے لے جائیں گی۔ مودی نے ہر گاوں کو بجلی فراہم کی، وہ آپ کے گھر کا بجلی کا کنکشن کاٹ دیں گی اور دوبارہ اندھیرا کر دیں گی“۔
وزیر اعظم نے کہا کہ وہ ہر گھر تک پانی پہنچا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سماج وادی پارٹی اور کانگریس کے لوگ گھروں سے پانی کے نلوں کو ہٹا کر لے جائیں گے کیونکہ انہیں اس میں مہارت حاصل ہے۔ مودی نے دعویٰ کیا کہ کانگریس دلتوں اور پسماندہ طبقات کا ریزرویشن چھین کر اپنے ووٹ بینک کو دے گی۔