سرینگر//
جموں کشمیر کے پہلگام علاقے میں گزشتہ ہفتے دہشت گردوں کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے سیاح جوڑے کی حالت میں بہتری دیکھی گئی ہے۔
تبریز خان اور ان کی اہلیہ فرح خان فوج کے۹۲ بیس اسپتال میں زیر علاج ہیں۔ ان دونوں کی حالت مستحکم ہے اور ان کی حالت بہتر ہو رہی ہے۔
افسر نے بتایا کہ فرح کے کندھے میں گولی لگی تھی جبکہ تبریز کو زیادہ شدید چوٹیں آئی تھیں کیونکہ گولی اس کے چہرے پر لگی تھی۔
یہ واقعہ ہفتہ کی رات کو اس وقت پیش آیا جب راجستھان سے تعلق رکھنے والا جوڑا اپنے دو بچوں کے ساتھ کشمیر کے پہلے دورے پر تھا اور پہلگام کے یانر میں رات کا کھانا کھانے کے لئے بس سے اتر رہا تھا۔
موٹر سائیکل سوار دہشت گردوں نے ان پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں میاں بیوی زخمی ہوگئے۔
تبریز کے والد اسلم خان نے جے پور میں نامہ نگاروں کو بتایا کہ ان کے دو بچے بھی ان کے ساتھ تھے۔انہوں نے کہا’’وہ (جوڑا) دن کے وقت پہلگام گئے تھے اور رات کے کھانے کے لئے ایک ہوٹل جا رہے تھے۔ وہ ٹیمپو مسافر سے اترنے کے بعد رات کے کھانے کے لئے ایک ہوٹل کے اندر جا رہے تھے۔ موٹر سائیکل پر سوار دو افراد آئے اور انہوں نے فائرنگ شروع کر دی۔ فرحہ کے کندھے پر گولی لگی۔‘‘ (ایجنسیاں)