کھنٹی//
مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے پاکستان کے زیر قبضہ کشمیر (پی او کے) پر سوالیہ نشان لگانے پر کانگریس کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ اس کا ایک ایک انچ ہندوستان کا ہے اور کوئی طاقت اسے چھین نہیں سکتی۔
شاہ نے کہا ’’ منی شنکر ایر ہمیں کہہ رہے ہیں کہ پاکستان کا احترام کریں کیونکہ اس کے پاس ایٹم بم ہے۔ کچھ دن پہلے انڈیاالائنس کے رہنما فاروق عبداللہ نے کہا تھا کہ پی او کے کے بارے میں بات نہ کریں کیونکہ پاکستان کے پاس ایٹم بم ہے۔ میں کانگریس اور انڈیا الائنس کو بتانا چاہتا ہوں کہ پی او کے ہندوستان کا ہے اور کوئی طاقت اسے چھین نہیں سکتی ہے‘‘۔
یہاں ایک انتخابی ریلی سے خطاب میںوفاقی وزیر داخلہ نے کہا’’مجھے نہیں معلوم کہ کانگریس کے ساتھ کیا ہوا ہے۔ پارلیمنٹ میں متفقہ طور پر ایک قرارداد منظور کی گئی کہ پی او کے ہندوستان کا حصہ ہے۔ آپ (کانگریس) اب ایٹم بم کی بات کرکے پی او کے پر سوالیہ نشان لگا رہے ہیں۔ بی جے پی کا موقف واضح ہے کہ پی او کے کا ایک ایک انچ ہندوستان کا ہے اور یہ ہندوستان کے ساتھ رہے گا‘‘۔
شاہ نے کہا کہ کانگریس نے آرٹیکل ۳۷۰ کو ۷۰ سال تک محفوظ رکھا لیکن وزیر اعظم نریندر مودی نے اس کی منسوخی کو یقینی بنایا۔
وزیرداخلہ نے کہا کہ کانگریس نے ۷۰ سال تک ایودھیا میں رام مندر کی تعمیر میں رکاوٹیں کھڑی کیں جبکہ وزیر اعظم مودی نے پانچ سال میں مندر کی تعمیر کی۔’’ راہول بابا رام مندر کی پوجا میں اس لئے نہیں آئے کیونکہ وہ اپنے ووٹ بینک سے خوفزدہ تھے‘‘۔انہوں نے کہا کہ میں راہول گاندھی سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ کانگریس اپنے اقتدار کے دوران کسی قبائلی صدر کی تقرری میں کیوں ناکام رہی۔