سرینگر//
شمالی کشمیر میں میونسپل کونسل بانڈی پورہ کے صدر خورشید احمد گنائی ہفتہ کو فلور ٹیسٹ کے دوران تحریک عدم اعتماد ہار گئے۔
فلور ٹیسٹ کی ضرورت اس وقت پڑی جب کم از کم ۹ کونسلروں نے صدر ایم سی بانڈی پورہ کو اکثریت ثابت کرنے کا چیلنج دیا تھا جس کے بعد آج عدم اعتماد کے ووٹ کی تاریخ طے کی گئی۔
اعلامیے کے مطابق، کل۱۶ میں سے کم از کم ۹ کونسلرز نے صدر اور نائب صدر کے خلاف مبینہ طور پر ’غیر تسلی بخش کارکردگی‘ پر عدم اعتماد کی تحریک پیش کی۔
ذرائع نے بتایا کہ موجودہ صدر خورشید احمد گنائی اس تحریک سے ہار گئے جب ۸ کونسلرز نے ان کے خلاف ووٹ دیا۔ وہ اپنے حمایتی کونسلروں کے ساتھ ووٹ ڈالے بغیر ہی پنڈال سے چلے گئے۔
علاوہ ازیں نائب صدر مقصود راتھر بھی ۸ کونسلرز کے خلاف ووٹ دینے کے بعد تحریک عدم اعتماد ہار گئے۔
وارڈ۴؍اور۱۱ کے دو کونسلروں کو’اپنی امیدواری کے طریقہ کار کے اصولوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پایا گیا‘کو ڈائرکٹر یو ایل بی کی زیر التوا ہدایات اور موجودہ صدر ایم سی بانڈی پورہ کے اعتراضات پر ووٹنگ سے روک دیا گیا۔
انکوائری رپورٹ کے مطابق کونسلرز بالترتیب چی پی ڈبلیو(قطعی تنخواہ والے کارکن) کے طور پر تنخواہ لے رہے ہیں اور ایک ایف پی ایس (منصفانہ قیمت کی دکان) چلا رہے ہیں۔