سرینگر//
جموں و کشمیر انتظامیہ نے ہفتہ کو تمام سرکاری عمارتوں کے فائر سیفٹی آڈٹ کا حکم دیا۔
ایک سرکاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے’’ یہ حکم دیا جاتا ہے کہ ڈائریکٹر جنرل، فائر اینڈ ایمرجنسی سروس جموں اور کشمیر کے مرکزی علاقے میں تمام سرکاری عمارتوں کا فائر سیفٹی آڈٹ فوری طور پر کریں گے‘‘۔
اعلامیہ میں مزید کہا گیا ہے ’’تمام متعلقہ انتظامی سیکریٹریز اپنے محکموں کی تمام عمارتوں میں آتشزدگی کے واقعات کو روکنے کیلئے فائر سیفٹی آڈٹ رپورٹس کی روشنی میں فوری اصلاحی کارروائی کریں گے۔
یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ وادی کشمیر میں گزشتہ ایک سال خاص کر سال رواں کے ابتدائی چار میں آگ کی وارداتوں میں بڑے پیمانے پر اضافہ ہوا ہے جس کی واجہ لاکھوں روپے کی املاک راکھ میں تبدیلی ہوئی ہے جبکہ ہر روز کسی نہ کسی علاقے میں آگ کے واردات رونما ہوتے رہتے ہیں۔
دریں اثناجموںکشمیر کے دار لخلافہ سرینگر کے جھیل ڈل کے اندرونی علاقے رونی محلہ میں آتشزدگی کی ایک واردات کے دوران تین رہائشی مکان مکمل طورپر خاکستر ہوئے ہیں۔
یو این آئی اردو کے نامہ نگار نے بتایا کہ ہفتے کی سہ پہر کو سرینگر کے رونی محلہ علاقے میں رہائشی مکان سے آگ نمودار ہوئی جس نے آناً فاناً اپنے متصل مزید دو کو لپیٹ میں لے لیا۔
نامہ نگار نے بتایا کہ فائر اینڈ ایمرجنسی عملے اور مقامی لوگوں کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں اگر چہ آگ پر قابو پایا گیا تاہم آتشزدگی کی اس واردات کے دوران تین مکان خاکستر ہوئے ۔
مقامی لوگوں نے بتایا کہ رہائشی مکان کی چھت سے اچانک آگ کے شعلے بلند ہوئے اور دیکھتے ہی دیکھتے تین مکان اس کی لپیٹ میں آئے ۔انہوں نے بتایا کہ آتشزدگی کی اس واردات کے دوران تین مکان خاکستر ہوئے اور اُن میں موجود لاکھوں روپیہ مالیت کی اشیائبھی راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہوئی۔
فائر اینڈ ایمرجنسی محکمہ کے ایک سینئر عہدیدار نے بتایا کہ رونی محلہ سری نگر میں دو مکان آگ کی واردات کے دوران خاکستر ہوئے ہیں۔
واضح رہے کہ سری نگر میں آئے روز آگ کی وارداتیں رونما ہونے سے لوگوں میں فکر وتشویش کی لہر دوڑ گئی ہے ۔