نئی دہلی//
وزارت قانون نے کہا کہ جموں کشمیر میں اسمبلی اور پارلیمانی حلقوں کو دوبارہ تبدیل کرنے والے حد بندی کمیشن کے احکامات۲۰ مئی سے ’نافذ‘ ہوں گے۔
حد بندی کمیشن کے دو احکامات‘ ایک ۱۴ مارچ کا جو مختلف زمروں کیلئے مخصوص حلقوں کی تعداد سے متعلق ہے اور دوسرا؍۵ مئی کو ہر حلقے کے سائز سے متعلق‘۲۰ مئی سے ایک ساتھ نافذ العمل ہوں گے۔
کمیشن کی رپورٹ مرکز کے زیر انتظام جموں و کشمیر میں مستقبل کے اسمبلی انتخابات کی بنیاد بنائے گی۔
حد بندی کمیشن نے جموں خطے کو چھ اضافی اسمبلی سیٹیں اور ایک وادی کشمیر کو دی تھی اور راجوری اور پونچھ کے علاقوں کو اننت ناگ پارلیمانی سیٹ کے تحت لایا تھا۔
جموں ڈویڑن میں اب۹۰ رکنی ایوان میں اسمبلی کی ۴۳؍ اور کشمیر کی۴۷ نشستیں ہوں گی۔
جمعہ کو ایک نوٹیفکیشن میں، وزارت قانون نے کہا’’جموں و کشمیر تنظیم نو ایکٹ، ۲۰۱۹(۲۰۱۹ کا۳۴) کے سیکشن ۶۲ کی ذیلی دفعہ (۲) اور (۳) کے ذریعے عطا کردہ اختیارات کے استعمال میں، مرکزی حکومت اس طرح ۲۰ مئی ۲۰۲۲ کو اس تاریخ کے طور پر مقرر کرتا ہے جس پر حد بندی کمیشن کے احکامات، آرڈر نمبر ۲، مورخہ ۱۴مارچ‘۲۰۲۲؍ اور آرڈر نمبر ۲، مورخہ ۵مئی۲۰۲۲نافذلعمل قراردیتا ہے۔‘‘