سرینگر//
آئی جی پولیس کشمیر‘ ودھی کمار بردی نے جمعے کے روز کہاکہ سوپور تصادم میں دو دہشت گرد مارے گئے ہیں۔
بردی نے کہا کہ لوک سبھا انتخابات کو پر امن طریقے سے پایہ تکمیل تک پہنچانے کی خاطر سیکورٹی ایجنسیوں نے تمام تر تیاریاں مکمل کی ہیں۔
ان باتوں کا اظہارآئی جی پی نے سوپور میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کیا۔
بردی نے بتایا کہ جمعرات کی شام سیکورٹی فورسز نے مصدقہ اطلاع موصول ہونے کے بعد وار پورہ سوپور گاوں کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کیا۔
آئی جی پی نے کہا’’تلاشی آپریشن کے دوران علاقے میں محصور ملی ٹینٹوں نے فورسز پر اندھا دھند فائرنگ شروع کی چنانچہ سلامتی عملے نے بھی جوابی کارروائی کا آغاز کیا جس دوران رات بھر شدید گولیوں کا تبادلہ جاری رہا‘‘۔
بردی نے کہاکہ جمعے کی صبح سیکورٹی فورسز نے علاقے میں محصور دو ملی ٹینٹوں کو مار گرایا جن کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ وگولہ بارود اور قابل اعتراض مواد برآمد کرکے ضبط کیا گیا۔
آئی جی پی نے بتایا کہ ہلاک شدگان میں سے ایک کی شناخت سیف اللہ کے بطور ہوئی ہے تاہم اس حوالے سے مزید ثبوت و شواہد اکھٹے کئے جارہے ہیں۔
بردی نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز کی مستعدی کی وجہ سے مطلوب دہشت گردوں کو مار گرایا گیا ہے ۔
الیکشن کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں آئی جی کشمیر نے کہاکہ پارلیمانی چناو کو پر امن طور پر پایہ تکمیل تک پہنچانے کی خاطر تمام تر انتظامات مکمل کئے گئے ہیں۔