شکل و صورت سے تو یہ پڑھے لکھے اور بڑے مہذب دکھائی دیتے ہیں ۔جہاں بھی جاتے ہیں‘ جو بھی کرتے ہیں ‘ ہر وقت ان کے ہاتھ میں تسبیح رہتی ہے ‘ جس سے ان کی شخصیت کے بارے میں کچھ اور الگ تاثر مل جاتا ہے… لیکن… لیکن جب یہ اپنا منہ کھولتے ہیں تو… تو آپ مایوس ہوجاتے ہیںاور… اور اس لئے ہو جاتے ہیں کہ ان کی زبان انہیں بے نقاب کرتی ہے۔ان کی شکل و صورت دیکھ کر آپ نے ان کے بارے میں جو امیج بنائی ہوتی ہے یا بن گئی ہوتی ہے وہ تاش کے پتوں کی طرخ ایک دم بکھر جاتی ہے … ان کی باتوںکو سن کر یقین نہیں ہو تا ہے اور… اور بالکل بھی نہیں ہوتا ہے کہ … کہ یہ عمران خان ہیں‘ یہ عمران خان ہو سکتے ہیں… اپنے ملک کو ریاست مدینہ بنانے کی باتیں کرنے والے والے عمران خان ؟ مانتے ہیں اور … اور سو فیصد مانتے ہیں کہ پاکستان میں اپوزیشن پارٹیوں نے ملک کولوٹا ہے‘ یہ بھی تسلیم ہے کہ خان صاحب کے ملک کو آج جن مشکلات کا سامنا ہے ‘ ان مشکلات کیلئے بڑی حد تک اپوزیشن جماعتیں بھی ذمہ دار ہیں… ان سے لڑنے کیلئے خان صاحب میدان میں اترے ہیں تو… تو ان سے سیاسی طور لڑیں نا … یہ کیا بات ہوئی ‘یہ کون سے اخلاق ہوئے کہ خان صاحب اپوزیشن لیڈروں کیخلاف ایسی غیر شائستہ زبان کا استعمال کریں جس کی کسی مہذب سماج میں کوئی گنجائش نہیں ہے… کوئی مثال نہیں ہے اور… اور بالکل بھی نہیں ہے ۔ اگلے روز خان صاحب نے خود اعتراف کیا کہ انہیں فوجی سربراہ نے مولانا فضل الرحمان کو ’ڈیزل‘کہنے سے روک دیا ۔تو خان صاحب مولانا فضل الرحمان کو کیوں ’ڈیزل‘ کہتے تھے تو … تواس کے جواب میں ان کا کہنا تھا ان کے ملک میں سب انہیں ’ڈیزل‘ کہتے ہیں سو … سو وہ بھی انہیں ڈیزل کہنے لگے ۔ واہ خان صاحب واہ !یہ کیا بات ہوئی ‘ یہ کیا دلیل ہو ئی…آپ اپنے ملک کے وزیر اعظم ہیں ‘ سربراہ ہیں‘ لوگوں کی نظریں آپ پر ہیں‘ آپ نے مثالی ہونا چاہئے تھا …آپ نے لوگوں کی غلطیوں کو سدھانا تھا‘ لوگوں کو بتانا تھا کہ مولانا فضل الرحمان کو ’ڈیزل‘ کہہ کر نہ پکارا جائے کہ… کہ گالی نما القابات سے پکارنے کی اسلام میں ممانعت ہے ۔لیکن خان صاحب نے ایسا نہیں کیا اور…اور بالکل بھی نہیں کیا ‘ الٹا انہوں نے لوگوں کی اس غلط اور ناشائستہ حرکت کو سند قبولیت بخش کر خود کو ایک بار پھر بے نقاب کیا اور… اور سو فیصد کیا ۔ ہے نا؟