سرینگر//
سرینگر کے گنڈبل بل علاقے میں دریائے جہلم میں کشتی الٹنے کے سانحے کی تعظیم میں وادی کشمیر میں منگل کے روز مختلف سیاسی لیڈروں نے الیکشن مہموں اور دیگر سیاسی سرگرمیوں کو منسوخ کر دیا۔
بتادیں کہ سری نگر کے بٹوارہ گنڈ بل علاقے میں دریائے جہلم میں منگل کی صبح ایک کشتی الٹنے کے ایک قیامت خیز واقعے کے نتیجے میں۵بچوں سمیت ۶؍افراد کی موت واقع ہوئی ہے جبکہ۲بچوں سمیت۳؍افراد ہنوز لاپتہ ہیں جن کی تلاش کے لئے بڑے پیمانے پر آپریشن جاری ہے ۔
نیشنل کانفرنس کے لیڈر اور سری نگر لوک سبھا سیٹ کے امید وار آغا سید روح اللہ نے دو دنوں تک الیکشن مہم معطل رکھنے کا اعلان کیا ہے ۔
بڈگام سے تعلق رکھنے والے با اثر شیعہ لیڈر نے ’ایکس‘پر ایک پوسٹ میں کہا’’آج کا دن ہم سب اور بٹہ وارہ کے سوگوار خاندانوں کیلئے جنہوں نے اپنے بچے کھوئے ہیں، ایک انتہائی المناک دن ہے ، میں آج اور کل کے تمام انتخابی پروگرام منسوخ کرتا ہوں‘‘۔انہوں نے متوفی بچوں کی روح کے سکون اور پسماندگان کے صبر کے لئے دعا کی۔
جموں وکشمیر پیپلز کانفرنس کے چیئر مین سجاد لون نے پارٹی لیڈروں اور کارکنوں سے انتخابی پروگرام معطل کرنے کو کہا۔انہوں نے’ایکس‘پر ایک پوسٹ میں کہا’’کشتی الٹنے سے متاثر ہونے و الے خاندانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی طور پر میں پارٹی کے لیڈروں اور کارکنوں کو ہدایت دیتا ہوں کہ وہ انتخابات سے متعلق تمام سرگرمیوں کو معطل رکھیں‘‘۔انہوں نے کہا کہ ہم متاثرہ خاندانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی و ہمدردی کرتے ہیں۔
جموں وکشمیر اپنی پارٹی کے صدر الطاف بخاری نے کہا کہ آج پارٹی کی طرف سے کشمیر میں کہیں بھی کوئی سیاسی سرگرمی نہیں ہوگی۔
پارٹی کے ایک ترجمان نے کہا کہ سری نگر میں کشتی الٹنے کے سانحے کے پیش نظر پارٹی آج یعنی منگل کے روز تمام سیاسی سرگرمیوں کو منسوخ کر رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس واقعے میں انسانی جانوں خاص کر بچوں کا زیاں ایک بہت بڑا سانحہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہم سب اس سانحے پر ماتم کناں ہیں۔
اپنی پارٹی کے سینئر لیڈر اور سابق سری نگر میئر جنید عظیم متو نے بھی اس سانحے کے پیش نظر اپنی تمام سر گرمیوں کو معطل رکھتے ہوئے اس قیامت خیز سانحے پر دکھ کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا’’میں اس منظر سے اپنا دھیان ہٹانے سے قاصر ہوں یہ انتہائی دلخراش سانحہ ہے ۔‘‘