سرینگر/۲اپریل
نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ نے منگل کو کہا کہ پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی(پی ڈی پی) وادی کشمیر میں ان کی پارٹی کے خلاف امیدوار کھڑے نہیں کر یگی اور دونوں پارٹیاں انڈیا اتحاد کا اٹوٹ حصہ ہیں۔
عمر عبداللہ نے نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی نے نیشنل کانفرنس کے خلاف امیدوار کھڑے کرنے کا کوئی ارادہ ظاہر نہیں کیا ہے۔
این سی نائب صدر نے دہلی میں انڈیا بلاک کی ایک حالیہ ریلی کا حوالہ دیا ، جہاں محبوبہ مفتی نے نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ کے ساتھ اسٹیج شیئر کیا اور اتحاد کے لئے پی ڈی پی کے عزم کا اعادہ کیا۔ عمرنے میڈیا پر بھی زور دیا کہ وہ دونوں جماعتوں کے درمیان اختلافات کو فروغ نہ دے۔
سابق وزیر اعلیٰ نے کشمیر میں نئے اتحاد کے ابھرنے پر تنقید کرتے ہوئے الزام لگایا کہ یہ جماعتیں بی جے پی کے اشارے پر کام کر رہی ہیں اور جموں و کشمیر میں اس کے پراکسی کے طور پر انتخابات لڑیں گی۔
آرٹیکل 370 پرعمر عبداللہ نے اپنے موقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک سنگین غلطی تھی جس نے جموں و کشمیر کے لوگوں کو ان کے حقوق سے محروم کردیا۔ انہوں نے دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال کی گرفتاری کی بھی مذمت کی اور کہا کہ وہ بی جے پی کی ناقص پالیسیوں کا شکار رہے ہیں۔