جموں///
جموں و کشمیر انتظامیہ نے ضلع اننت ناگ میں آٹھویں صدی پرانے مارٹنڈ مندر کے تحفظ اور بحالی پر تبادلہ خیال کرنے کیلئے اگلے ہفتہ یہاں افسروں کی ایک میٹنگ طلب کی ہے۔
سرینگر سے تقریباً۶۳کلومیٹر جنوب میں مٹن کے گاؤں کیہریبل میں واقع یہ مندر ملک کے سب سے قدیم سورج مندروں میں سے ایک اور انمول قدیم روحانی ورثے کی علامت سمجھا جاتا ہے۔ اسے آرکیالوجیکل سروے آف انڈیا (اے ایس آئی) نے قومی اہمیت کا مقام قرار دیا ہے اور مرکزی طور پر محفوظ یادگاروں کی فہرست میں بھی شامل ہے۔
جموں و کشمیر کے محکمہ ثقافت کی جانب سے جاری نوٹس کے مطابق یکم اپریل کو جموں کے سول سکریٹریٹ میں ایک اجلاس طلب کیا گیا ہے جس میں مارٹنڈ سن مندر کے احاطے میں شہنشاہ للت آدتیہ مکتاپیڈا کی تنصیب کے ساتھ کشمیر میں قدیم مندروں کے تحفظ اور بحالی سے متعلق معاملے پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
پرنسپل سکریٹری کی صدارت میں ہونے والی اس میٹنگ میں ڈائریکٹر آرکائیوز، آرکیالوجی اینڈ میوزیم (جموں و کشمیر)، سپرنٹنڈنٹ آف آرکیالوجی (انچارج) اے ایس آئی (سرینگر سرکل) شرکت کریں گے۔
کشمیری پنڈتوں سمیت ہزاروں یاتری ہر سال مندر کا دورہ کرتے ہیں اور اس کی بحالی کا مطالبہ کرتے رہے ہیں۔
مئی۲۰۲۲میں لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے مندر میں ’نوگرہ اشٹمنگلا پوجا‘ میں حصہ لیا تھا، جس پر اے ایس آئی نے ضروری اجازت نہ لینے پر’قواعد کی خلاف ورزی‘ قرار دیتے ہوئے احتجاج کیا تھا۔ تاہم جموں و کشمیر انتظامیہ نے قدیم یادگاروں اور آثار قدیمہ کے مقامات اور باقیات ایکٹ کے اصول۷ (۲) کا حوالہ دیتے ہوئے پوجا کا دفاع کیا ، جس میں کہا گیا ہے کہ اس کا اطلاق ’تسلیم شدہ مذہبی استعمال یا رواج کے مطابق‘ منعقد ہونے والے کسی بھی پروگرام پر نہیں ہونا چاہئے۔
ایک سطح مرتفع کی چوٹی پر تعمیر، مندر کے کھنڈرات اور متعلقہ آثار قدیمہ کے نتائج سے پتہ چلتا ہے کہ یہ کشمیری فن تعمیر کا ایک عمدہ نمونہ تھا، جس میں گندھارن، گپتا اور چینی طرز تعمیر کا امتزاج تھا۔
اس مندر کا ایک صحن ہے ، جس کے مرکز میں اس کا بنیادی مزار ہے اور اس کے ارد گرد۸۴ چھوٹے مندر ہیں ، جو۲۲۰ فٹ لمبا اور ۱۴۲ فٹ چوڑا ہے اور اس میں ایک چھوٹا سا مندر شامل ہے جو پہلے تعمیر کیا گیا تھا۔