سرینگر//
ڈائریکٹر اسکول ایجوکیشن‘ تصدق حسین میر نے جمعرات کے روز کہاکہ بارہویں جماعت کے سالانہ امتحانات کے دوران غلط پرچہ تقسیم کرنے کے واقعے کی بڑے پیمانے پر تحقیقات شروع کی گئی ہے ۔
میر نے کہاکہ لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے خاطیوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لانے کے احکامات صادر کئے ہیں۔
ان باتوں کا اظہار میرنے سرینگر میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کیا۔
ناظم تعلیم نے کہاکہ بدھ کے روز ملتوی کئے گئے پرچے کا امتحان پھر سے لیا جائے گا۔ان کے مطابق لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کی نوٹس میں یہ معاملہ آیا ہے اور اسی وقت سیکریٹری ایجوکیشن کو اعلیٰ سطحی تحقیقات کرنے کے احکامات صادر کئے گئے ۔
مری نے کہا کہ وقت مقررہ کے اندرا ندر رپورٹ پیش کی جائے گی جس نے کوتاہی کی ہوگی اس کو بخشا نہیں جائے گا۔
ناظم تعلیم نے کہاکہ جو بھی قصوروار پایا جائے گا اس کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
نجی اسکولوں کی جانب سے طلبا سے اضافی فیس وصولنے کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں ڈائریکٹر اسکول ایجوکیشن نے کہاکہ ممنوع چارجز وصول کرنے والے اسکول کسی رعایت کے مستحق نہیں۔
بتادیں کہ جموں وکشمیر بورڈ آف سکول ایجوکیشن کی طرف سے منعقد ہو رہے بارہویں جماعت کے طلبا بدھ کے روز امتحانی مراکز میں اس وقت ششدر ہو کر رہ گئے جب ان کے مطابق ان میں تقسیم کئے گئے سوالیہ پرچے ان کی جماعت کے نہیں بلکہ گیارہویں جماعت کے تھے ۔