نئی دہلی//
سابق صدر ‘رام ناتھ کووند کی سربراہی میں ایک ساتھ انتخابات کرانے والی اعلیٰ سطحی کمیٹی جمعرات کو ’ایک ملک، ایک الیکشن‘پر اپنی رپورٹ پیش کر سکتی ہے۔
حالانکہ ابھی تک کوئی سرکاری بیان سامنے نہیں آیا ہے، لیکن ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ رپورٹ صدر دروپدی مرمو کو سونپی جا سکتی ہے۔
پینل ملک میں ایک ساتھ انتخابات کے انعقاد کو ممکن بنانے کیلئے آئین کی آخری پانچ دفعات میں ترمیم کی سفارش کرسکتا ہے۔
مجوزہ رپورٹ میں لوک سبھا، ریاستی اسمبلی اور بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لئے ایک واحد ووٹر لسٹ رکھنے پر بھی توجہ مرکوز کی جائے گی۔
گزشتہ سال ستمبر میں تشکیل دی گئی اس کمیٹی کو موجودہ آئینی فریم ورک کو مدنظر رکھتے ہوئے لوک سبھا، ریاستی اسمبلیوں، میونسپلٹیوں اور پنچایتوں کے انتخابات ایک ساتھ کرانے کیلئے جانچ کرنے اور سفارشات دینے کا حکم دیا گیا ہے۔
کووند کی سربراہی میں بننے والی کمیٹی میں وزیر داخلہ امیت شاہ، راجیہ سبھا میں اپوزیشن کے سابق رہنما غلام نبی آزاد، فنانس کمیشن کے سابق چیئرمین این کے سنگھ، لوک سبھا کے سابق سکریٹری جنرل سبھاش کشیپ اور سینئر وکیل ہریش سالوے شامل ہیں۔
لوک سبھا میں کانگریس کے لیڈر ادھیر رنجن چودھری کو بھی اس پینل کا رکن بنایا گیا تھا لیکن انہوں نے اس سے انکار کرتے ہوئے کمیٹی کو مکمل طور پر چشم پوشی قرار دیا۔
وزیر قانون ارجن رام میگھوال پینل میں خصوصی مدعو ہیں۔ (ایجنسیاں)