جموں//
جموںکشمیر حکومت نے شیر کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایس کے آئی ایم ایس) صورہ کے ڈائریکٹر کے عہدے کے لئے چیف سکریٹری کی سربراہی میں ایک اعلی سطحی سلیکشن کمیٹی تشکیل دی ہے۔
محکمہ صحت اور میڈیکل ایجوکیشن کی جانب سے جاری حکم نامے کے مطابق کمیٹی سے کہا گیا ہے کہ وہ ڈائریکٹر ایس کے آئی ایم ایس کے عہدے پر انتخاب کیلئے طے شدہ معیار کے مطابق میرٹ کی بنیاد پر تین امیدواروں کا پینل تیار کرے۔
حکم کے مطابق جموں کشمیر کے چیف سیکریٹری‘ اٹل دولو کمیٹی کے چیئرمین ہوں گے جبکہ ایمس نئی دہلی کے ڈائریکٹر ایم سرینواس، پی جی آئی ایم ای آر چندی گڑھ کے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر وویک لال اور ایمس نئی دہلی کے شعبہ نیورولوجی کے پروفیسر ڈاکٹر اچل کمار شریواستو کمیٹی کے ممبر ہوں گے جبکہ سید عابد رشید سکریٹری ہیلتھ اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ کمیٹی کے ممبر/ سکریٹری ہوں گے۔
واضح رہے کہ سابق ڈائریکٹر سکیمز ڈاکٹر پرویز کول ۸ مارچ کو ریٹائر ہوئے تھے جس کے بعد عابد رشید کو سیکریٹری ہیلتھ اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے عہدے کا اضافی چارج دیا گیا تھا۔
ڈائریکٹر ایس کے آئی ایم ایس کے عہدے کا اشتہار گزشتہ ماہ دیا گیا تھا اور اس عہدے کیلئے۲۹؍ امیدواروں نے درخواست دی تھی جبکہ حکومت نے ابھی تک امیدوار کی شارٹ لسٹ شائع نہیں کی ہے۔