سرینگر//
وزیر اعظم نریندر مودی کے جمعرات کو ہونے والے دورے کے موقع پر یہاں بخشی اسٹیڈیم کو قومی ترنگے میں لپیٹ دیا گیا ہے جبکہ اس ہائی پروفائل ایونٹ کے پرامن انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں۔
وزیر اعظم مودی جمعرات کو بخشی اسٹیڈیم میں ’وکست بھارت وکشت جموں کشمیر‘ پروگرام میں شرکت کریں گے۔
انتظامیہ کو توقع ہے کہ بخشی اسٹیڈئم میں لوگوں کی ایک کثیر تعداد شرکت کرے گی ۔’’لوگ کشمیر میں وزیر اعظم کا استقبال کرنے کیلئے تیار ہیں، ترقیاتی پیکیج کے اعلان کی توقع کر رہے ہیں‘‘۔
ایک سیاسی رہنما راشد غنی نے بدھ کے روز کہا’’ کشمیر کے ہر ضلع میں لوگ وزیر اعظم نریندر مودی کے استقبال کے منتظر ہیں۔ ہزاروں لوگ اپنے لیڈر کی ایک جھلک دیکھنے اور (دفعہ ۳۷۰کی منسوخی کے بعد کشمیر کی حیثیت کو تبدیل کرنے کیلئے) اظہار تشکر کرنے کیلئے کل سرینگر کا رخ کریں گے‘‘۔
وزیر اعظم مودی کے وادی کے دورے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ایک مقامی شخص ستپال سنگھ نے کہا’’مودی جی کسی طرح کے ترقیاتی پیکیج کا اعلان کریں گے۔ ہم بہت غریب ہیں۔ یومیہ اجرت پر کام کرنے والے مزدوروں کا مسئلہ ہے۔ وزیر اعظم مودی ملازمین کے مسائل حل کریں گے‘‘۔انہوں نے کہا کہ میں کل وزیر اعظم کی ریلی میں شرکت کے لئے چھٹی کی درخواست دے رہا ہوں۔
ایک سرکاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم جمعرات کو دوپہر کے قریب سرینگر کے بخشی اسٹیڈیم پہنچیں گے، جہاں وہ ’وکست بھارت وکاست جموں کشمیر‘ پروگرام میں حصہ لیں گے۔
وزیر اعظم کے استقبال کیلئے شہر کو بنٹنگز اور ہورڈنگز سے آراستہ و پیراستہ کیا گیا ہے اور سڑکوں کے آر پار دیواروں اور درختوں پر قومی پرچم اور بی جے پی کے جھنڈے لہرا رہے ہیں۔
وی آئی آئی پیز کی محفوظ اور بلا خلل نقل و حمل کو یقینی بنانے کے لئے سڑکوں اور گلی کوچوں میں سیکورٹی کے فقیدالمثال انتظامات کئے گئے ہیں۔
سرینگر میں اقبال پارک کے بالکل بالمقابل واقع بخشی اسٹیڈیم وزیر اعظم کے استقبال کے لئے ہر لحاظ سے تیار ہے ، اس اسٹیڈیم کے گرد و پیش جہاں سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں وہیں اس اسٹیڈیم کو دلہن کی طرح آراستہ و پیراستہ کیا گیا ہے ۔
دریں اثنا وزیر اعظم نریندر مودی کے دورے کشمیر کے پیش نظر سری نگر میں سیکورٹی کے فقید المثال انتظامات کئے گئے ہیں۔
سری نگر کی سبھی اہم شاہراوں پر موبائیل چیک پوائنٹس قائم کئے گئے جہاں پر راہگیروں اور مسافروں کی باریک بینی سے تلاشی لی جارہی ہیں جبکہ مشکوک نظر آنے والے افراد کے موبائیل فون بھی چیک کئے جارہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق شہر کے مختلف علاقوں میں سراغ رساں کتوں کی مدد سے تلاشی لی جارہی ہیں تاکہ سماج دشمن عناصر کے منصوبوں کوناکام بنایا جاسکے ۔
بخشی اسٹیڈیم کو پوری طرح سے سیل کیا گیا جبکہ اسٹیڈیم کے اردگر دعلاقوں پر ڈرون کے ذریعے نظر گزر رکھی جارہی ہے۔