جموں//
جموںکشمیر کے ضلع رام بن کے اکھرال علاقے میں ایک سڑک حادثے میں۴؍افراد کی موت جبکہ۳دیگر زخمی ہوگئے ۔
ذرائع نے بتایا کہ رام بن ضلع میں مالی گام سے اکھرال جا رہی ایک ٹا ٹا سومو پھسلن کی وجہ سے سڑک سے لڑھک کر ایک گہری کھائی میں جا گرا۔
ذرائع نے کہا کہ حادثہ پیش آنے کے فوراً بچائو کارروائیاں شروع کی گئیں۔
ان کا کہنا ہے کہ اس حادثے کے نتیجے میں۴؍افراد کی بر سر موقع ہی موت جبکہ تین دیگر زخمی ہوگئے ۔
متوفین کی شناخت عبد الواحد بالی، عنایت اللہ، محمد ایوب بالی اور ڈرائیو سجاد احمد ساکنان پوگل کے بطور کی گئی ہے ۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ زخمیوں کو پی ایچ سی اکھرال منتقل کیا گیا ہے ۔
اس دوران لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے سڑک حادثے میں جانوں کے ضیاع پر گہر ے دُکھ کا اِظہار کیا ہے ۔
سنہا نے کہا ’’ آج رام بن میں ایک بدقسمت سڑک حادثہ میں قیمتی جانوں کے ضیاع کے بارے میں جان کر مجھے بہت دکھ ہوا ہے۔ میں سوگوار کنبوں کے ساتھ دِلی ہمدردی کا اِظہار کرتا ہوں اور زخمیوں کی جلد صحتیابی و شفایابی کے لئے دُعا کرتا ہوں‘‘۔
لیفٹیننٹ گورنر نے رام بن سڑک حادثہ کے متاثرین اور اتوار کے روز ریاسی میں المناک لینڈ سلائیڈنگ میں اَپنی جان گنوانے والوں کے لئے معاوضے کا اعلان کیا ہے۔ ہر مرنے والے کے لواحقین کو پانچ لاکھ روپے کا ایکس گریشیا دیا جائے گااور زخمیوں کو۵۰ ہزار روپے دیئے جائیں گے۔
دریں اثنا مرکزی وزیر ڈاکٹر جتندر سنگھ نے اس سڑک حادثے پر دکھ کا اظہار کرکے لواحقین کے ساتھ اظہار ہمدر دی کیا ہے ۔انہوں نے کہا’’میں ضلع انتظامیہ کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہوں‘‘۔
مرکزی وزیر ’ایکس‘پر ایک پوسٹ میں کہا’’پوگل سڑک حادثہ جس میں۴؍افراد کی موت واقع ہوئی اور ایک زخمی کو بانہال ہسپتال منقتل کیا گیا ہے ، کے بارے میں معلوم ہونے کے بعد ضلع مجسٹریٹ رام بن بصیر الحق سے بات کی‘‘۔
ڈاکٹر جتندر نے کہا’’میں لواحقین کو تعزیت پیش کرتا ہوں اور انتظامیہ کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہوں۔‘‘