سرینگر//
جموں کشمیر بی جے پی کے صدر‘ رویندر رینا نے لوک سبھا اور اسمبلی انتخابات کیلئے انتخابات سے قبل کسی بھی اتحاد سے انکار کرتے ہوئے پیر کو کہا کہ پارٹی کو انتخابات کے بعد اتحاد کی بھی ضرورت نہیں ہوگی کیونکہ وہ مرکز کے زیر انتظام علاقے میں انتخابات میں کامیابی حاصل کرے گی۔
بی جے پی یونت صدر نے ان باتوں کا اظہار پیر کو یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کیا۔
رینا نے کہا کہ بی جے پی جموں و کشمیر کی تمام پانچ سیٹوں پر الیکشن لڑنے کے لئے تیار ہے۔ ہم اپنے بل بوتے پر لوک سبھا انتخابات لڑیں گے۔ جب الیکشن کمیشن (جموں و کشمیر کے لئے) اسمبلی انتخابات کا اعلان کرے گا تو ہم اپنے بل بوتے پر الیکشن لڑیں گے۔
بی جے پی یونٹ صدر نے کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ ہم دونوں انتخابات جیتیں گے کیونکہ بی جے پی کو جموں و کشمیر کے عوام سے پیار مل رہا ہے۔
رینا نے کہا کہ وزیر اعظم کے اس دورے کے پیش نظر کشمیر میں اس وقت جشن کا ماحول ہے ۔
رینا نے کہا’’وادی کشمیر کے لوگوں کیلئے خوشی کی بات ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی جی۷مارچ کو یہاں آ رہے ہیں، اس دورے کے دوران بخشی اسٹیڈیم میں ان کی ریلی میں زائد از دو لاکھ لوگ شرکت کریں گے‘‘۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کے دورے کے پیش نظر وادی میں جشن کا ماحول ہے اور یہاں خوشی کی ایک لہر ہے ۔
رینا نے کہا کہ سال۲۰۰۳میں جب اس وقت کے وزیر اعظم آنجہانی اتل بہاری واجپائی جی یہاں آئے تھے تو اس وقت بھی اسی اسٹیڈیم میں لوگوں کا سیلاب امڈ آیا تھا اور اس کے بعد سال۲۰۱۵میں جب مودی جی یہاں آئے تو اس وقت بھی شیر کشمیر اسٹیڈیم میں لوگوں اژدھام جمع ہوا تھا۔
بی جے پی یونٹ صدر نے کہا’’سال۲۰۱۴میں جب کشمیر میں خطرناک سیلاب آیا تو اس مشکل وقت میں بھی وزیر اعظم نریندر مودی جی یہاں آئے حالانکہ دیوالی کا تہوار تھا انہوں نے وہ اپنے ساتھیوں کے ساتھ نہیں منایا بلکہ یہاں لالچوک آئے اور۸۰ہزار کروڑ روپیوں کے پیکیج کا اعلان کیا‘‘۔
ان کا کہنا تھا کہ اسی پیکیج کے نتیجے میں کشمیر اس مشکل صورتحال سے باہر نکل سکا۔
رینا نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں جموں کشمیر نے ہر شعبے میں ترقی کی اور ان کی قیادت کی بدولت یہاں امن و آشتی اور بھائی چارے کا ماحول قائم ہے ۔
بتادیں کہ بی جے پی نے جموں اور اودھم پور پارلیمانی نشستوں کیلئے اپنے امیداروں کا اعلان کیا ہے ۔
وزیر اعظم کی طرف سے ریاستی درجے کی بحالی کے متعلق ممکنہ اعلان کے بارے میں پوچھے جانے پر مسٹر رینا نے کہا کہ جو بھی اعلان کیا جائے گا لوگ اس کو ریلی میں سنیں گے ۔