جموں//
جموں کشمیر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر‘ وقار رسول وانی کا کہنا ہے کہ لوک سبھا انتخابات کیلئے سیٹوں کے تقسیم کے بارے میں نیشنل کانفرنس اور پی ڈی پی کے ساتھ عنقریب حتمی فیصلہ لیا جائے گا۔
وانی نے دعویٰ کیا کہ اس بار جموں اور اودھم پارلیمانی سیٹوں پر کانگریس کی جیت ہوگی۔
صدر نے ان باتوں کا اظہار اودھم پور میں نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔
وانی نے کہا’’سیٹ شیئرنگ کے بارے میں بات چیت چل رہی ہے اور آنے والے ایک دو دنوں میں واضح ہوگا کہ کون کس سیٹ پر الیکشن لڑے گا‘‘۔
کانگریسی لیڈر نے ڈاکٹر جتندر سنگھ پر الزام لگاتے ہوئے کہا’’ڈاکٹر جتندر سنگھ جی دس برسوں سے اودھم پور پارلیمانی نشست کے رکن پارلیمان ہیں اور مرکزی وزیر بھی ہیں لیکن ان کی کارکردگی صفر ہے ، میں خود اس نشست کا ووٹر ہوں لیکن ہم دس برسوں میں ان کو یہاں کبھی نہیں دیکھا‘‘۔
وانی نے دعویٰ کیا کہ جموں اور اودھم پور پارلیمانی نشستوں پر اب کانگریس کی جیت ہوگی۔انہوں نے کہا’’یہ لوگ مودی جی کے نام پر ووٹ حاصل کرتے تھے مجھے لگتا ہے کہ اب لوگ ان کو مودی جی کے نام پر ووٹ نہیں دیں گے‘‘۔
کانگریس کے یونٹ صدر کا کہنا تھا’’اب کی بار جو کانگریس کے امیدوار ہوں گے وہی جموں اور اودھم پارلیمانی نشستوں پر بھاری اکثریت سے جیت حاصل کریں گے ‘‘۔
وانی کا دعویٰ تھا کہ جموں وکشمیر میں مہنگائی اور بے روز گاری کافی بڑھ گئی ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ ملک کی اپویشن جماعتیں متحد ہو رہی ہیں۔