جموں//
جموں کشمیر میں خراب موسمی حالات کے بیچ کہیں تیز ہواؤں سے تو کہیں موسلا دھار بارشوں سے متعدد رہائشی مکانوں اور سرکاری عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے۔
ضلعی ترقیاتی کمشنر رام بن بصیر الحق کے مطابق رام بن، گول اور بانہال میں تیز آندھی کی وجہ سے ۱۵۰سرکاری عمارتوں اور رہائشی مکانوں کو نقصان پہنچا ہے۔ڈوڈہ میں پسی کی زد میں آکر خاتون جاں بحق جبکہ دو دیگر زخمی ہوئے۔
اطلاعات کے مطابق جنوبی اور شمالی کشمیر کے کئی علاقوں میں رات بھر شدید بارشوں کے ساتھ تیز ہوائیں چلیں جس کے نتیجے میں متعدد ڈھانچوں کو نقصان پہنچا ہے۔
نامہ نگار نے بتایا کہ ویری ناگ کے نوگام ، ڈورو شاہ آباد،بٹہ گنڈ گوجر بستی اور دیگرعلاقوں میں ہفتے کی صبح کئی رہائشی ڈھانچوں اور کئی دکانوں کے چھت اڑ گئے۔
جنوبی ضلع کولگام میں بھی تیز آندھی چلنے کی وجہ سے لوگ گھروں میں سہم کررہ گئے۔ذرائع نے بتایا کہ کولگام کے دیہی علاقوں میں بھی کئی رہائشی مکانوں کو نقصان پہنچا ہے۔
قاضی گنڈ کے پانزتھ علاقے میں تیز ہوائیں چلنے سے بشیر احمد راتھر، اسد اللہ نائیک، غلام حسن راتھر اور نذیر احمد شیخ نامی افراد کے رہائشی مکانوں کو نقصان پہنچا ہے۔
مقامی ذرائع نے بتایا کہ نذیر احمد شیخ کا رہائشی مکان ڈہہ گیاہے جس وجہ سے مکین کھلے آسمان تلے زندگی گزارنے مجبور ہو گئے ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ تیز ہواؤں کے نتیجے میں کئی درخت بھی اکھڑ آئے جس سے علاقے میں بجلی کا نظام درہم و برہم ہو کر رہ گیا۔انہوں نے کہا کہ تیز ہواوں نے درجنوں دکانوں کے سائن بورڈ اڑالئے تاہم کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔
باوثوق ذرائع نے بتایا کہ جنوبی کشمیر میں تیز آندھی چلنے کی وجہ سے زائد از دو درجن رہائشی مکانوں ، گاؤ خانوں اور دکانوں کو نقصان پہنچا ہے۔
اوڑی سے نمائندے نے اطلاع دی ہے کہ وہاں پر نامبلہ علاقے میں مدرسہ فیض القرآن کی چھت کو نقصان پہنچا ہے۔انہوں نے بتایا کہ شمالی ضلع بارہ مولہ کے دیہی علاقوں میں بھی تیزی ہوائیں چلنے کے نتیجے میں رہائشی مکانوں کی چھتیں اڑ گئی ہیں۔
اطلاعات کے مطابق رام بن میں بھی خراب موسمی صورتحال کے بیچ تیز ہوائیں چلیں جس کے نتیجے میں کئی رہائشی مکانوں اور دیگر املاک کو بھی نقصان پہنچا۔معلوم ہوا ہے کہ رام بن کے گورن پورہ ، گول اور گوگل پرستان کے اوپری علاقوں میں متعدد رہائشی مکانوں کو تیز آندھی کی وجہ سے نقصان پہنچا ہے۔
ضلعی ترقیاتی کمشنر رام بن بصیر الحق نے ایکس پر لکھا’’رام بن ، گول اور بانہال میں کم از کم۱۵۰رہائشی مکانوں اورسرکاری عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے۔‘‘انہوں نے بتایا کہ نقصان کا تخمینہ لگانے کی خاطر کارروائی جاری ہے۔
دریں اثنا ذرائع نے بتایاکہ ضلع کشتواڑ میں شدید بارشوں سے چار رہائشی مکانوں کو جزوی نقصان پہنچا۔انہوں نے کہا کہ تیز ہواوں کے نتیجے میں ہفتے کی صبح ضلع کے مغل میدان علاقے میں تین رہائشی مکانوں کو نقصان پہنچا جبکہ پتھم ہال علاقے میں ایک مکان کو نقصان پہنچا۔
علاوہ ازیں ڈوڈہ ضلع میں ہفتے کے روز تیز ہواؤں اور ژالہ باری کی وجہ سے ایک خاتون کی موت واقع ہوئی جبکہ کمسن سمیت دو دیگر زخمی ہوئے ہیں۔ذرائع نے بتایا کہ ڈوڈہ ضلع کے گندوہ بھلیسہ میں درجنوں مکانات کی چھتیں اڑ گئیں جس وجہ سے املاک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچنے کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔معلوم ہوا ہے کہ ڈوڈہ میں پسی کی زد میں آکر خاتون کی موت واقع ہوئی جبکہ دو دیگر زخمی ہوئے ہیں۔پولیس نے خاتون کی شناخت سہنکشا دیوی کے طور کی ہے جبکہ اس کا بھائی زخمی ہو گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ موسلا دھار بارشوں کے نتیجے میں ضلع کی متعدد رابط سڑکوں پر چٹانیں اور مٹی کے تودے گر آنے سے شاہرائیں بند ہو گئی ہیں۔