سرینگر//
گرمائی دارلحکومت سرینگر کے مولانا آزاد روڈ پر واقع ایم ایل اے ہوسٹل میں جمعہ کی صبح آگ کی ایک واردات میں ایک رہائشی کوارٹر کو شدید نقصان پہنچا۔
محکمہ فائر اینڈ ایمر جنسی کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ ایم ایل اے ہوسٹل میں جمعہ کی صبح قریب نو بجے ایک دو منزلہ رہائشی کوارٹر کی دوسری منزل سے آگ نمودار ہوئی جس سے اس عمارت کو شدید نقصان پہنچا۔
عہدیدار نے کہا کہ آگ کی اس واردات میں ایک چنار کے درخت اور ایک لکڑی کے ڈھانچے کو بھی نقصان پہنچا۔ان کا کہنا تھا کہ نزدیکی فائر اسٹیشنوں کے فائر ٹنڈرس جائے موقع پر پہنچے اور آگ کو قابو میں کر لیا۔
عہدیدار نے کہا کہ تاہم اس واردات میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ان کا کہنا تھا کہ آگ لگنے کی وجوہات معلوم کی جا رہی ہیں۔