سرینگر//
جنوبی ضلع کولگام میں جمعے کے روز کرنٹ لگنے سے دو افراد شدید طورپر زخمی ہوئے جنہیں علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا۔
ذرائع نے بتایا کہ کولگام میں ایچ ٹی لائن گرنے کی وجہ سے دو افراد جن کی شناخت نسرین بانو زوجہ محمد سبحان کمار اور اویس رمضان کے بطور ہوئی ہے زخمی ہوئے ۔
معلوم ہوا ہے کہ آس پاس موجود لوگوں نے زخمیوں کو طبی امداد کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا جہاں ابتدائی مرہم پٹی کے بعد خاتون کو جی ایم سی اننت ناگ ریفر کیا گیا۔
ذرائع نے بتایا کہ خاتون کی حالت تشویشناک بنی ہوئی ہے ۔
دریں اثنا پولیس نے اس ضمن میں کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ۔
اس دوران شمالی ضلع بارہ مولہ کے ٹنگمرگ علاقے میں جمعے کی صبح عدم شناخت لاش برآمد کی گئی ہے ۔
اطلاعات کے مطابق ٹنگمرگ میں فیروز پورہ کراسنگ کے نزدیک جمعے کی صبح چند مقامی افراد نے لاش دیکھی اور اس بارے میں پولیس کو مطلع کیا ۔
پولیس ٹیم فوری طورپر جائے موقع پر پہنچی اور لاش کی شناخت کے لئے کارروائی شروع کی ہے ۔
دریں اثنا پولیس نے معاملے کی نسبت کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ۔