جموں//
وزیر اعظم دفتر میں تعینات وزیر مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے جمعے کے روز کہاکہ پی ایم مودی۲۰فروری کوجموں میں ایک بڑے عوامی جلسے سے خطاب کریں گے۔
سنگھ نے کہاکہ جلسے میں لوگوں کی شرکت کو دیکھتے ہوئے سیکورٹی کے غیر معمولی انتظامات کئے گئے ہیں۔
جموں میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران وزیرمملکت نے کہاکہ وزیر اعظم کے دورے جموں وکشمیر کے پیش نظر سبھی طرح کے انتظامات مکمل کئے گئے ہیں۔
ڈاکٹر سنگھ نے کہاکہ لوگ کافی پر جوش نظر آرہے ہیں اور آج سے ہی جلسے میں شرکت کیلئے لوگوں نے تیاریاں شروع کی ہیں۔ان کے مطابق وزیر اعظم مودی جموں وکشمیر کو لے کر بہت سارے پروجیکٹوں کا افتتاح کریں گے۔
مرکزی وزیر مملکت نے بتایا کہ لوگ وزیر اعظم کے دورے کا بے صبر ی کے ساتھ انتظار کر رہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ جموں اورکشمیر دونوں صوبوں سے لوگوں کی جلسے میں شرکت کے پیش نظر تیاریاں زو روشور سے شروع کی گئی ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ وزیر اعظم مودی نے جموں وکشمیر کے لوگو ں کے لئے بہت سارے کام کئے۔
ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا’’نریندرمودی نے ہمیشہ لوگوں کی بات کی ، عام لوگوں کے ساتھ جڑنے کی خاطر من کی بات کا پروگرام شروع کیا اور دوسرے ذرائع کے ذریعے بھی عام لوگوں کے ساتھ جڑنے کی بھر پور سعی کی۔‘ان کے مطابق وزیر اعظم مودی کو دیکھنے کی خاطر جموں وکشمیر کے لوگ کافی پرجوش نظر آر ہے ہیں۔‘‘