سرینگر//
جموں کشمیر پولیس نے وسطی ضلع بڈگام میں غیر قانونی طور پر خریدے گئے۸کوئنٹل چاول ضبط کرکے۴ ملزموں کو گرفتار کیا ہے ۔
پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ بڈگام پولیس نے بلیک مارکیٹنگ کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے سرکاری راشن ڈیپو کے۸سو کلو چاول کو ضبط کیا۔
ترجمان نے کہا’’پولیس چوکی سویہ بگ کی ایک پارٹی نے آرتھ کراسنگ پر ناکہ کے دوران ایک لوڈ کیریرکو روکا جس میں تین افراد سوار تھے ‘‘۔
پولیس ترجمان کا کہنا تھا’’ابتدائی پوچھ تاچھ کے دوران ان افراد نے اپنی شناخت نثار احمد لون ولد عبدالرشید لون ساکن سنگھ پورہ پٹن، عبدالقیوم بٹ ولد ثناء اللہ بٹ ساکن سنگھ پورہ پٹن اورعبدالمجید وانی ولد غلام رسول وانی ساکن آرتھ بڈگام کے بطور کی‘‘۔
بیان میں کہا گیا کہ تلاشی کے دوران پولیس نے مذکورہ گاڑی سے۵۰کلو فی بوری وزن کی۱۶بوریاں بر آمد کیں۔انہوں نے کہا’’ابتدائی تحقیقات سے یہ بات سامنے آئی کہ ان افراد نے یہ چاول آرتھ بڈگام میں ایک فیئر پرائس شاپ جس کو غلام نبی وانی ولد غلام رسول وانی ساکن آرتھ بڈگام چلا رہا ہے ، سے خریدا تھا‘‘۔
پولیس ترجمان نے کہا کہ ان چاروں ملزموں کو گرفتار کیا گیا اور اس جرم کے ارتکاب کے لئے استعمال کی جانے والی گاڑی کو بھی ضبط کیا گیا۔
پولیس نے اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن بڈگام میں متعلقہ دفعات کے تحت ایک کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ہے۔
اس دوران جموںکشمیر پولیس نے ’رائس مشین گھوٹالے‘میں وسطی ضلع گاندربل کے کنگن علاقے میں۱۲؍افراد کو گرفتار کرکے جعلی کرنسی اور پانچ گاڑیوں کو ضبط کیا ہے ۔
پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اسٹیشن کنگن کو۸فروری کی شام کو مصدقہ ذرائع سے اطلاع موصول ہوئی کہ کجپارہ میں ڈپمنگ پارک کے پیچھے کچھ لوگ مشکوک حالت میں گھوم رہے ہیں۔
ترجمان نے کہا’’ایس ایس پی گاندربل سندیپ گپتا کی ہدایت پر ایس ڈی پی او کنگن مظفر جان کی قیادت میں خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی جس نے فوری کارروائی انجام دیتے ہوئے جائے موقع پر چھاپہ مار کر۱۲؍افراد کو گرفتار کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ تلاشی کے دوران گرفتار شدگان اور ان کی طرف سے جرم کیلئے استعمال کی جانے والی گاڑیوں سے۱۵لاکھ رویے کی جعلی کرنسی بر آمد کی گئی جبکہ بھارتی کرنسی کے اصلی۵۶ہزار۶سو رویے بھی بر آمد کئے گئے جس کو بر سر موقع ہی قبضے میں لیا گیا۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ اس کے علاوہ جرم کے ارتکاب کیلئے استعمال کی جانے والی ۵گاڑیوں کو بھی ضبط کیا گیا۔پولیس نے اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن کنگن میں متعلقہ دفعات کے تحت ایک کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ہیں۔