نئی دہلی//
وزارت داخلہ نے چہارشنبہ کے روز کہا کہ۲۰۱۹ کے بعد جموں و کشمیر میں سلامتی کی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے اور حکومت ہند دہشت گردی کے خلاف زیرو ٹالرنس کی اپنی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔
جموں و کشمیر میں سلامتی کی صورتحال سے متعلق ایک سوال کے جواب میں وزارت داخلہ (ایم ایچ اے) کے وزیر مملکت نتیانند رائے نے کہا کہ۲۰۱۹کے بعد سے سلامتی کی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے۔
رائے نے کہا کہ۲۰۱۹ میں دہشت گردی کے۱۵۳واقعات ہوئے جو۲۰۲۰میں کم ہو کر۱۲۶‘۲۰۲۱ میں۱۲۹؍اور۲۰۲۲میں۱۲۵رہ گئے۔
مرکزی وزیر مملکت نے کہا کہ ۲۰۱۹ میں دفعہ۳۷۰کی منسوخی کے بعد سے جموں و کشمیر کے مختلف شعبوں میں۵۶۰۰کروڑ روپے سے زیادہ کی سرمایہ کاری کی گئی ہے۔
ایک سوال کے جواب میں وزارت داخلہ کے وزیر مملکت نتیانند رائے نے کہا کہ حکومت نے مرکز کے زیر انتظام جموں و کشمیر کی صنعتی ترقی کے لئے نئی سینٹرل سیکٹر اسکیم کو۱۹فروری۲۰۲۱ کو نوٹیفائی کیا ہے تاکہ سرمایہ کاروں کو سرمایہ کاری کے لئے راغب کیا جاسکے۔
مرکز کے زیر انتظام جموں و کشمیر میں سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لئے پالیسیوں / اسکیموں کے ذریعہ اس میں اضافہ کیا گیا ہے ، جن میں جموں و کشمیر انڈسٹریل پالیسی ۲۰۲۱تا۲۰۳۰‘ جموں و کشمیر انڈسٹریل لینڈ الاٹمنٹ پالیسی ، ۲۰۲۱تا۲۰۳۰‘جموں کشمیر پرائیویٹ انڈسٹریل اسٹیٹ ڈیولپمنٹ پالیسی۲۰۲۱تا۲۰۳۰‘جموں و کشمیر میں صنعتی شعبے میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ کی پالیسی ۲۰۲۲‘ جموں و کشمیر سنگل ونڈو رولز۲۰۲۱‘ ٹرن اوور ترغیب اسکیم۲۰۲۱‘جموں و کشمیر وول پروسیسنگ، دستکاری اور ہینڈلوم پالیسی۲۰۲۰‘کوآپریٹو / سیلف ہیلپ گروپوں کیلئے مالی مدد اسکیم۲۰۲۰‘دستکاروں اور بنکروں کیلئے کریڈٹ کارڈ اسکیم‘۲۰۲۰؍اور جموں و کشمیر میں کرافٹ سیکٹر کی ترقی کیلئے کھرکھنڈر اسکیم‘۲۰۲۱‘دستکاری اور ہینڈ لوم ڈپارٹمنٹ کے کاریگروں / بنکروں کیلئے نظر ثانی شدہ تعلیمی اسکیم ۲۰۲۲؍اور ایکسپورٹ سبسڈی اسکیم۲۰۲۱ شامل ہیں۔
مرکزی وزیرنے کہا کہ ان اقدامات کے اثرات سے۲۰۱۹۔۲۰۲۰میں۶۴ء۲۹۶کروڑروپے‘ ۲۰۲۰۔۲۰۲۱ میں۷۴ء۴۱۲کروڑ روپے‘۲۰۲۱۔۲۰۲۲میں۷۶ء۳۷۶کروڑروپے‘ ۲۰۲۲۔۲۰۲۳ میں۴۵ء۲۱۵۳کروڑ روپے اور۲۰۲۳۔۲۰۲۴ میں۱۹ء۲۴۱۷ کروڑ روپے کی سرمایہ کاری ممکن ہوئی ہے۔
رائے نے مزید کہا کہ سیاحت ، پروسیسنگ وغیرہ اور بنیادی ڈھانچے جیسے تعمیرات ، سڑکوں ، بجلی وغیرہ جیسے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری سے مرکز کے زیر انتظام جموں و کشمیر کی ترقی کو فروغ ملے گا۔