جموں//
جموںکشمیر کی سرمائی راجدھانی جموں میں سوشل میڈیا پورٹلز پر ایسے پیغامات اپ لوڈ کرنے سے گریز کرنے کا مشورہ دیا گیاہے جس سے فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور امن و امان کو زک پہنچنے کا اندیشہ لاحق ہو۔
ضلعی ترقیاتی کمشنر جموں کی جانب سے جاری کئے گئے ایک حکم نامہ کے مطابق سوشل میڈیا سائٹوں پر توہین آمیزاور اشتعال انگیز پیغامات/پوسٹس شیئر کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
حکم نامے کے مطابق اس طرح کے پیغامات سے انسانی جانوں اور املاک کو شدید خطرات لاحق ہو سکتے ہیں لہذا اس پر فوری طور پر پابندی عائد کی گئی ہے ۔
ضلع انتظامیہ نے مزید بتایا یہ حکم فوری طورپر نافذ العمل ہوگا اورخلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعہ ۱۸۸کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ذرائع نے بتایا کہ پارلیمنٹ میں ریزرویشن بل پاس ہونے کے بعد سوشل میڈیا پر افواہوں کے ساتھ ساتھ من گھڑت خبریں پھیلائی جارہی ہیں جس سے فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو نقصان پہنچنے کا احتمال ہے ۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ افواہوں سے بچنے کی خاطر اس طرح کا فیصلہ لیا گیا ہے جبکہ مجوزہ احتجاجی مظاہروں کے پیش نظر بھی ضلعی انتظامیہ نے سخت ترین اقدامات اٹھانے کا فیصلہ لیا ہے ۔