جموں//
جموں کے سانبہ سیکٹر میں بی ایس ایف نے جمعرات اور جمعے کی درمیانی شب دراندازی کی ایک بڑی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے سات دہشت گردوں کو ہلاک کیا اوراس دوران پاکستانی رینجرس کی ایک چوکی کو بھی تباہ کردیا گیا۔
بی ایس ایف کے ترجمان کے مطابق، رات ۱۱بجے کے قریب سرحد پار سے آنے والے ایک بڑے دہشت گرد گروپ کی نقل و حرکت کو بی ایس ایف کے سرویلنس گرڈ نے محسوس کیا، جس کے بعد فورسز نے فوری کارروائی کی۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ دراندازوں کو پاکستان رینجرز کی دھنڈھر پوسٹ کی طرف سے فائرنگ کی مدد حاصل تھی، تاہم جوابی کارروائی میں بی ایس ایف نے نہ صرف کم از کم سات دہشت گردوں کو ہلاک کیا بلکہ رینجرز کی پوسٹ کو بھی نشانہ بنا کر تباہ کر دیا۔ اس پوسٹ پر بھاری مشین گن نصب تھی، جس کی تباہی کی ویڈیو تھرمل امیجر کلپ کی صورت میں جاری کی گئی ہے ۔
اس واقعے پر مرکزی وزیر ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا’’بی ایس ایف کے جوانوں نے انتہائی مستعدی، جرأت اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک بڑی دراندازی کی کوشش کو بروقت ناکام بنایا۔ یہ کارروائی اس بات کا ثبوت ہے کہ ہماری سرحدی فورسز نہ صرف چوکس ہیں بلکہ ہر ممکن خطرے سے نمٹنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں‘‘۔
مرکزی وزیر کے مطابق حکومت اور ضلعی انتظامیہ مل کر سرحدی علاقوں میں شہریوں کے تحفظ اور انخلا کے لیے تمام ضروری اقدامات اٹھا رہی ہیں۔’’متاثرہ علاقوں سے لوگوں کا انخلا منظم انداز میں جاری ہے ، اور ٹرانسپورٹ سمیت تمام بنیادی سہولیات مفت فراہم کی جا رہی ہیں تاکہ کسی شہری کو کوئی تکلیف نہ ہو‘‘۔
یہ واقعہ ایک ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب حالیہ دنوں میں پہلگام میں ہوئے دہشت گردانہ حملے میں ۲۶؍افراد کی ہلاکت کے بعد ہندوستان اور پاکستان کے درمیان کشیدگی میں اضافہ دیکھنے کو ملا ہے ۔
اس حملے کے جواب میں ہندوستانی افواج نے پاکستان اور پاکستان کے زیر قبضہ کشمیر میں دہشت گرد ٹھکانوں کو نشانہ بنایا تھا۔بی ایس ایف نے بتایا کہ موجودہ حالات کے پیش نظر بین الاقوامی سرحد پر ہائی الرٹ جاری ہے اور کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹنے کیلئے تیاریاں مکمل ہیں۔