نئی دہلی//
بیجو جنتا دل کے سسمیت پاترا نے منگل کو راجیہ سبھا میں کہا کہ آئین کے دیباچے میں لفظ’عدم تشد‘کو شامل کیا جانا چاہئے کیونکہ یہ ہندوستانی ثقافت کی بنیاد ہے ۔
ایوان میں وقفہ صفر کے دوران پاترا نے’چیئرمین کی اجازت سے اٹھائے گئے معاملات‘کے تحت کہا کہ مہاتما گاندھی کا عدم تشدد لفظ پوری دنیا میں رائج اور بااثر ہے ۔ ہندوستانی ثقافت کا اصل عدم تشدد ہے ۔ لفظ عدم تشدد کو آئین کے دیباچے میں شامل کرنے کے لئے اوڈیشہ اسمبلی نے ایک قرارداد منظور کی ہے اور ریاست کے وزیر اعلی نوین پٹنائک نے بھی اس سلسلے میں مرکزی حکومت کو ایک مکتوب بھیجا ہے ۔
پاترا نے کہا کہ مہاتما گاندھی کو حقیقی خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے بھی لفظ عدم تشدد ہندوستانی آئین کے دیباچے میں شامل کیا جانا چاہیے ۔
کانگریس کے دگ وجے سنگھ نے معاشی طور پر کمزور اونچی ذات کے بچوں کے لیے سرکاری ملازمتوں میں ریزرویشن میں آمدنی اور عمر کی حد میں رعایت کا مطالبہ کیا۔
بھارتیہ جنتا پارٹی کی سیما دویدی نے صحافیوں کے لیے ریل سفر کے کرایے اور ٹول ٹیکس میں چھوٹ کا مطالبہ کیا۔