نئی دہلی//
جموں و کشمیر کے کپواڑہ ضلع میں حال ہی میں پکڑے گئے دہشت گرد ماڈیول معاملے میں مطلوب ایک اہم ملزم کو نئی دہلی میں گرفتار کیا گیا ہے ۔
پولیس نے منگل کو یہاں یہ جانکاری دی۔ پولیس نے کہا کہ ریٹائرڈ سپاہی ریاض احمد، جو اس کیس کا مرکزی ملزم ہے اور کپواڑہ ضلع میں لائن آف کنٹرول کے قریب ایک گاؤں کا رہنے والا ہے ، کو اتوار کو نئی دہلی ریلوے اسٹیشن سے گرفتار کیا گیا۔
دہلی میں پولیس نے کہا’’وہ خورشید احمد راتھر اور غلام سرور راتھر (دونوں کو جموںکشمیر پولیس نے۲۷جنوری کو گرفتار کیا گیا تھا) کے ساتھ مل کر دہشت گردوں کی جانب سے لائن آف کنٹرول کے پار سے اسلحہ اور گولہ بارود حاصل کرنے کی سازش میں ملوث تھا‘‘۔
جموں و کشمیر پولیس اور فوج نے۲۷جنوری کو کپواڑہ ضلع میں لشکر طیبہ کے پانچ دہشت گرد ساتھیوں کو گرفتار کیا جو مبینہ طور پر اسلحہ اور گولہ بارود کی اسمگلنگ میں ملوث تھے ۔ ماڈیول کو پاکستان مقبوضہ کشمیر میں مقیم دو دہشت گرد ماسٹرز منظور احمد شیخ عرف شکور اور قاضی محمد خوشحال کے ذریعہ چلایا جارہا تھا۔دونوں اس وقت سرحد پار سے کام کر رہے تھے ۔
سیکورٹی فورسز نے گرفتار کیے گئے پانچ عسکریت پسند ساتھیوں سے پانچ اے کے رائفلیں (شارٹ)، پانچ اے کے میگزین اور۱۶شارٹ اے کے راؤنڈ بھی برآمد کیے ۔
پولیس نے ایک بیان میں کہا کہ ۴فروری کو جموں کشمیر کی تفتیشی ایجنسیوں سے ایک خاص اطلاع موصول ہوئی تھی کہ ریاض راتھر، جو حال ہی میں ان کے ذریعہ پکڑے گئے دہشت گردی کے ماڈیول کیس میں مطلوب ہے ، مفرور ہے اور علی الصبح نئی دہلی ریلوے اسٹیشن پہنچ جائے گا۔
پولیس نے فوری طور پر کارروائی کی اور بھیڑ میں ریاض کی شناخت کی اور اسے اس وقت پکڑ لیا جب وہ صبح نئی دہلی ریلوے اسٹیشن کے ایگزٹ گیٹ نمبر ایک سے فرار ہونے کی کوشش کر رہا تھا۔
جب ملزم سے اچھی طرح پوچھ گچھ کی گئی تو انکشاف ہوا کہ وہ اپنے دوست الطاف کے ساتھ۳فروری کو جبل پور سے مہا کوشل ایکسپریس میں سوار ہوا تھا اور تقریباً ۳بجے حضرت نظام الدین ریلوے اسٹیشن پہنچا تھا۔ پولیس نے کہا’’وہاں سے وہ ایک کار لے کر این ڈی آر ایس پہنچے ۔ ریاض کسی اور جگہ جا رہا تھا۔ ریاض پر خورشید اور غلام سرور سے اسلحہ اور گولہ بارود کی کھیپ حاصل کرنے کا شبہ ہے ، دونوں کو جموں و کشمیر پولیس پہلے ہی گرفتار کر چکی ہے ۔
ملزم ریاض احمد اور اس کا دوست الطاف۳۱جنوری۲۰۲۳کو ہندوستانی فوج سے ریٹائر ہو چکے ہیں۔
پولیس نے بتایا کہ اس کے قبضے سے ایک موبائل فون اور ایک سم کارڈ بھی برآمد ہوا ہے ۔ بیان میں کہا گیا ہے’’ریاض کو قانون کی مناسب دفعات کے تحت گرفتار کیا گیا ہے اور جموں و کشمیر کے متعلقہ تھانے کے پولیس حکام کو ان کی سطح پر مزید ضروری کارروائی کے لیے مطلع کر دیا گیا ہے ۔ پوری سازش کو بے نقاب کرنے کیلئے مزید تفتیش جاری ہے۔