سرینگر//
پولیس نے وسطی کشمیر کے ضلع گاندربل میں چوری کے ایک معاملے کو کچھ گھنٹوں کے اندر ہی حل کرکے دو ملزموں کو گرفتار کرکے چوری شدہ زیورات اور نقدی رقم کو ضبط کیا ہے ۔
پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اسٹیشن گاندربل کو گذشتہ روز ایک اطلاع موصول ہوئی کہ کچھ نا معلوم چور غلام محمد صوفی ولد نور الدین صوفی ساکن پتی پورہ سلورہ میں گھس گئے اور کچھ زیورات اور نقدی رقم اڑا لے گئے ۔
ترجمان نے کہا کہ اس شکایت پر متعلقہ دفعات کے تحت ایک کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی گئیں۔بیان میں کہا گیا’’ایس ایس پی گاندربل سندیپ گپتا کی ہدایات پر فوری کارروائی کرتے ہوئے ایک خصوصی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی گئی‘‘۔
پولیس ترجمان نے کہا کہ انتھک کاوشوں کے بعد تحقیقاتی ٹیم نے تکنیکی ان پٹس اور سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے دو افراد کو دھر لیا۔
بیان میں گرفتار شدگان کی شناخت عمران اسماعیل بٹ ولد محمد اسماعیل بٹ اور عمر شفیع گلکار ساکنان تیل بل حضرت بل کے طور پر کی گئی ہے ۔انہوں نے کہا’’ابتدائی تحقیقات کے دوران گرفتار شدگان نے جرم کا اعتراف کیا اور ان کے انکشاف پر مال مسروقہ اور نقدی رقم بر آمد کی گئی‘‘۔
بیان کے مطابق بر آمد شدہ مال مسروقہ میں ایک سونے کی انگوٹھی، ایک جوڑا ائیر رنگ، سونے کا ایک بیج اور ۱۳ہزار روپے شامل ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ دونوں ملزموں کو گرفتار کیا گیا اور اس جرم کیلئے استعمال کی جانے والی گاڑی کو بھی ضبط کیا گیا۔