نئی دہلی//
مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے چہارشنبہ کے روز کہا کہ نریندر مودی حکومت نے جموں و کشمیر کی تعمیر نو کی ہے ، دہشت گردی اور تشدد کے دور کا خاتمہ کیا ہے اور بڑے پیمانے پر بنیادی ڈھانچے اور فلاحی اسکیموں کو شروع کرکے ترقی کو فروغ دیا ہے۔
انگریزی اور ہندی دونوں زبانوں میں ایکس پر پوسٹوں کی ایک سیریز میں شاہ نے یہ بھی کہا کہ وزیر اعظم مودی نے نوجوانوں میں ایک نئی امید جگا کر جموں و کشمیر کو تبدیل کردیا ہے۔
شاہ نے کہا کہ مودی حکومت نے نوجوانوں کے خوابوں کو پورا کیا ہے اور تعلیم اور ہنرمندی کی سہولیات کو مضبوط کرکے ان کی امنگوں کو نئی پرواز دی ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا’’مودی حکومت نے دہشت گردی اور تشدد کے دور کا خاتمہ کرتے ہوئے جموں و کشمیر کی تعمیر نو کی۔ مودی حکومت نے بڑے پیمانے پر بنیادی ڈھانچے اور فلاحی اسکیمیں شروع کرکے جموں و کشمیر کی ترقی کو فروغ دیا اور آج یہ ہندوستان کی طاقتور جمہوریت کا قابل فخر ثبوت ہے‘‘۔
شاہ نے کہا کہ جموں کشمیر کی ثقافت ملک کے سب سے قدیم اور امیر ترین علاقوں میں سے ایک ہے اور مودی حکومت کے تحت مرکز کے زیر انتظام علاقے کے ثقافتی ورثے کو دوبارہ زندہ کیا جارہا ہے اور اس کا ثقافتی فخر ایک بار پھر بڑھ رہا ہے۔
وزیر داخلہ نے یہ بھی الزام عائد کیا کہ موروثی سیاست کی وجہ سے جموں و کشمیر کے لوگ ترقی سے محروم ہیں۔
شاہ نے کہا کہ مودی حکومت نے مرکز کے زیر انتظام علاقے میں پنچایتی راج نظام کو مضبوط کیا ہے جس کا مقصد نچلی سطح پر ترقی فراہم کرنا ، حکمرانی کو خاندانی نظام سے آزاد کرنا اور اسے عام لوگوں تک پہنچانا ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ کاکہنا تھا کہ وزیر اعظم نریندر مودی جی کی قیادت میں جموں و کشمیر اب راحت کا سانس لے رہا ہے۔ ’’آرٹیکل۳۷۰ کو ختم کرنے کے بعد مودی حکومت نے زیرو ٹالرنس پالیسی کے ساتھ دہشت گردی کو کچل کر وادی میں زندگی کا وقار محفوظ کیا ہے‘‘۔
اسی طرح ایکس پر ایک پوسٹ میں شاہ کے دفتر نے کہا کہ جموں و کشمیر طویل عرصے سے دہشت گردی اور انتہا پسندی سے نبرد آزما ہے۔
’’مودی حکومت نے آرٹیکل۳۷۰ کو ختم کرکے جموں و کشمیر میں امن اور استحکام قائم کیا ، جس کے نتیجے میں مرکز کے زیر انتظام علاقہ ترقی اور خوشحالی کی راہ پر آگے بڑھ رہا ہے‘‘۔
پوسٹ میں مزید کہا گیا ہے’’مودی حکومت کی پالیسیوں کی وجہ سے جموں و کشمیر کے نوجوانوں کی تصویر بدل گئی ہے اور وہ اب علیحدگی پسندی میں شامل نہیں ہو رہے ہیں بلکہ ترقی میں شامل ہو رہے ہیں‘‘۔
ایکس میں کہا گیا ہے کہ۲۰۲۳ میں جموں و کشمیر میں پتھراؤ کا ایک بھی واقعہ پیش نہیں آیا۔
شاہ کے دفتر نے کہا کہ مودی حکومت نے جموں و کشمیر میں جمہوریت کی جڑوں کو مضبوط کرنے کیلئے پنچایتی راج نظام کو بحال کیا ، جس کی وجہ سے حکمرانی عام لوگوں کے ہاتھوں میں آئی ہے اور پورے خطے میں ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز ہوا ہے۔ (ایجنسیاں)