نئی دہلی//
چین کے ساتھ دو سال پرانے فوجی تعطل کے درمیان آرمی چیف جنرل منوج پانڈے نے جمعرات کو لداخ سیکٹر میں سیکورٹی صورتحال اور فوج کی آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لیا۔
فوج کے ترجمان نے کہا کہ جنرل پانڈے تین روزہ دورے پر لیہہ لداخ گئے ہیں۔ آرمی چیف بننے کے بعد جنرل پانڈے کا لداخ سیکٹر کا یہ پہلا دورہ ہے ۔
تین روزہ دورے کے دوران آرمی چیف لائن آف ایکچوئل کنٹرول کے ساتھ مختلف محاذوں اور سیکٹرز کا دورہ کریں گے اور فوجی تیاریوں اور سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیں گے ۔
وہ اس سیکٹر میں تعینات فوج کے اعلیٰ کمانڈروں سے تمام پہلوؤں پر تفصیلی بات چیت کریں گے اور آئندہ کی حکمت عملی پر بھی بات چیت کریں گے ۔جنرل پانڈے نے تقریباً ۱۰دن قبل آرمی چیف کی ذمہ داری سنبھالنے کے وقت کہا تھا کہ ان کی اولین ترجیح اپریل۲۰۲۰سے پہلے مشرقی لداخ میں لائن آف ایکچوئل کنٹرول پر پہلے کی حالت بحال کرنا ہوگی۔