نئی دہلی//
بھارتی فوج مغربی صحرا میں پاکستان کی سرحد کے قریب اپنی جنگی صلاحیتوں میں اضافہ کرنے جا رہی ہے کیونکہ وہ جودھپور کے ایک فوجی اڈے پر اپنے چھ اپاچی لڑاکا ہیلی کاپٹر تعینات کرنے جا رہی ہے۔
جانکار ذرائع نے کہا’’توقع ہے کہ پہلا ہیلی کاپٹر فروری،مارچ میں امریکہ سے ہندن ایئر بیس پر پہنچنا شروع ہو جائے گا۔ اس کے بعد ہیلی کاپٹروں کو آپریشن کے لئے جودھپور کے ایک فوجی اسٹیشن پر تعینات کیا جائے گا‘‘۔
ہندوستانی فضائیہ کے پاس پہلے ہی ۲۲؍ اپاچی ہیلی کاپٹروں کا بیڑا ہے جو مغربی اور شمالی دونوں سرحدوں پر تعینات ہیں اور فوج کی شمولیت سے مشترکہ انوینٹری ۲۸ ہوجائے گی۔
ذرائع نے کہا’’ہم پہلے ہی امریکیوں کے ساتھ معاہدے کے مطابق اپنے ۵۰ سے زیادہ پائلٹوں اور تکنیکی ماہرین کو امریکی تنصیبات میں تربیت دے چکے ہیں‘‘۔ انہوں نے کہا کہ ہم بہت کم وقت میں بیڑے کو چلانے کے قابل ہو جائیں گے۔
امریکی لڑاکا ہیلی کاپٹروں کو۲۰۲۰ میں چینی جارحیت شروع ہونے کے فورا بعد مشرقی لداخ سیکٹر میں تعینات کیا گیا تھا اوروہ وہاں اگلے اڈوں سے کام کر رہے ہیں۔