سرینگر//
پاکستان اوربھارت کے درمیان جوہری تنصیبات اور قیدیوں کی فہرستوں کا تبادلہ کرلیا گیا۔
یہ تبادلے۱۹۸۸؍اور۱۹۹۱میں کیے گئے معاہدوں کی روشنی میں کیے گئے۔
پاکستان کے دفترخارجہ نے بتایاکہ پاکستان کی جانب سے۲۳۱بھارتی قیدیوں کی فہرست بھارتی ہائی کمیشن کودی گئی ہے جبکہ بھارتی وزارت خارجہ نے پاکستانی ہائی کمیشن دلی کو ۴۱۸ پاکستانی قیدیوں کی فہرست دی۔
پاک دفترخارجہ کا کہنا ہے کہ بھارتی قیدیوں میں ۴۷عام شہری‘۱۸۴ماہی گیرشامل ہیں جبکہ بھارت میں قید پاکستانیوں میں۳۳۷عام شہری اور۸۱ماہی گیرشامل ہیں۔
واضح رہے کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان جوہری تنصیبات اور سہولیات کی فہرست کا سالانہ تبادلہ آج یعنی یکم جنوری کو نئی دہلی اور اسلام آباد میں سفارتی چینلوں کے ذریعے ایک ساتھ عمل میں آیا۔
اس معاہدے پر ۳۱ دسمبر ۱۹۸۸ کو دستخط ہوئے اور۲۷ جنوری۱۹۹۱ کو نافذ العمل ہوا۔ معاہدے کے تحت دونوں ممالک ہر سال پہلی جنوری کو ایک دوسرے کو اپنی جوہری تنصیبات کے بارے میں مطلع کرنے کی شرط رکھتے ہیں۔
بھارتی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان اس طرح کی فہرستوں کا یہ مسلسل۳۳واں تبادلہ ہے۔ اس فہرست کا پہلا تبادلہ یکم جنوری۱۹۹۲کو ہوا۔ قابل ذکر ہے کہ دونوں ممالک کے باہمی تعلقات میں اتار چڑھاؤ کے باوجود جوہری تنصیبات کی فہرست کے تبادلے کا سلسلہ کبھی موقوف نہیں ہوا ہے۔