شملہ//
ہماچل کے شملہ کے سنی میں پک اپ گہری کھائی میں گرنے سے چھ مہاجر مزدوروں کی موت ہو گئی اور چھ دیگر زخمی ہو گئے ۔
پولیس نے بتایا کہ سنی تھانہ علاقے کے کڈارگھاٹ میں ایک پک اپ وین بے قابو ہو کر کھائی میں جا گری‘جس میں ایک درجن لوگ سوار تھے ۔
حادثہ اتنا خوفناک تھا کہ چھ مزدور جاں بحق اور چھ دیگر شدید زخمی ہو گئے ۔ پولیس نے بتایا کہ زخمیوں کا آئی جی ایم سی میں علاج چل رہا ہے ۔
پک اپ وین میں سوار تین افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ تین کی اسپتال میں موت ہوگئی۔ ریاستی ہیڈکوارٹر شملہ سے جائے حادثہ کا فاصلہ تقریباً ۳۵کلومیٹر ہے ۔
پولیس سے موصولہ اطلاعات کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والے مزدور کشمیری نژاد ہیں۔ کارکن سنی سے منڈی جا رہے تھے ۔ پیر کی صبح۷بجے کے قریب پک اپ وین کھائی میں گر گئی۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور راحت و بچاؤ کام شروع کر دیا۔ مرنے والوں کی شناخت فرید، غلام‘گلزار‘ شبیر اور طالب کے نام سے ہوئی ہے ۔ دو دیگر کی شناخت کی جا رہی ہے ۔ وہ بھی کشمیرکے رہنے والے ہیں۔
شملہ کے ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ پولیس سنیل نیگی نے بتایا کہ پک اپ میں سوارچھ افراد کی موت ہو گئی ہے ۔ مرنے والے جموں و کشمیر کے رہنے والے تھے ۔ چھ دیگر زخمی آئی جی ایم سی میں زیر علاج ہیں‘جن کی شناخت گاڑی کے ڈرائیور رنجیت، اسلم، طالب حسین، آکاش کمار، اجے ٹھاکر اور منظور کے طور پر ہوئی ہے۔
نیگی نے کہا کہ مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور حادثے کی وجوہات کی جانچ کی جا رہی ہے ۔ لاشوں کا پوسٹ مارٹم کیا جا رہا ہے ۔
وزیر اعلیٰ ٹھاکر سکھویندر سنگھ سکھو نے شملہ ضلع کے سنی سب ڈویژن کے کڈار گھاٹ میں سڑک حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے ۔ اس سڑک حادثے میں چھ لوگوں کی موت اور چھ کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے ۔
وزیراعلیٰ نے ضلع انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ جاں بحق افراد کے لواحقین کو فوری امداد اور زخمیوں کو بہتر علاج فراہم کیا جائے ۔ انہوں نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی خواہش کی۔
سکھو نے خدا سے دعا کی ہے کہ وہ مرحوم کی روح کو سکون اور سوگوار خاندان کو اس ناقابل تلافی نقصان کو برداشت کرنے کی طاقت دے ۔