سرینگر/۲ دسمبر
سری نگر میونسپل کارپوریشن (ایس ایم سی) کے کمشنر اطہر عامر خان کا کہنا ہے کہ سری نگر کے شہر خاص میں دریائے جہلم پر واقع حبہ کدل پل عنقریب سیاحت اور دوسری سرگرمیوں کا دوبارہ مرکز بن جائے گا۔
خان نے کہ یہ پل نئی شکل و صورت کے ساتھ تکمیل کے آخری مرحلے میں ہے اور آنے والے کچھ دنوں میں لوگوں کی میزبانی کے لئے تیار ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ شہر خاص میں نکاسی آب، سیوریج، زیر زمین بجلی کا نظام اور سڑک کی تزئین کا کام بھی جاری ہے۔
کمشنر جو سمارٹ سٹی پروجیکٹ کے چیف ایگزیکیٹو افسر بھی ہیں، نے ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں کہا”دریائے جہلم پر واقع حبہ کدل پل نئی صورت کے ساتھ تکمیل کے آخری مرحلے میں ہے“۔
خان نے کہا”بس کچھ ہی دنوں میں یہ پل ہمارے پرانے شہر کے مرکز میں آپ کی میزبانی کے لئے تیار ہوجائے گا“۔ان کا مزید کہنا تھا”یہ پل شہر کے اس ثقافتی مرکز میں سیاحت اور دوسری سرگرمیوں کو واپس لائے گا“۔
کمشنر نے ایک اور پوسٹ میں کہا کہ شہر خاص میں نکاسی آب، سیوریج، زیر زمین بجلی کا نظام اور سڑک کی تزئین کا کام بھی جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈاﺅن ٹاﺅن کی شہری تجدید سمارٹ سٹی پروجیکٹ کے تحت ہمارے کام کا انتہائی اہم شعبہ ہے۔