سرینگر//
ضلع مجسٹریٹ کپوارہ‘آیوشی سدھن نے جمعرات کو ایک حکمنامہ جاری کرتے ہوئے لوگوں کو سوشل میڈیا پلیٹ فارموں کے کسی بھی قسم کے غلط استعمال سے باز رہنے کی تاکید کی۔
سدھن نے کہا’’یہ ظاہر کیا گیا ہے کہ کچھ ملک دشمن عناصر یا گروپس انٹر نیٹ پر سوشل میڈیا نیٹ ورکنگ پلیٹ فارموں کا، دہشت گردوں اور علاحدگی پسند تنظیموں کے اشتعال انگیز پیغامات اور پروپگنڈے کو تیار کرکے یا پھیلا کے یا فارورڈ کرکے غلط استعمال کرتے ہیں‘‘۔
حکمنامے میں کہا گیا’’ایسی سرگرمیوں کو ان مقاصد کے ساتھ انجام دیا جاتا ہے کہ دہشت گردی اور ان کے اقدام کو گلوریفائی کیا جائے ، عام لوگوں یا لوگوں کے ایک خاص طبقے کو ڈرایا دھمکایا جائے ، عوام کے ممبروں میں نفرت پھیلا کر ان کوتشدد پر اکسایا جائے ، دہشت گردانہ اور علاحدگی پسند نظریہ اور جھوٹے بیانیے کا پرچار کیا جائے ، مذہبی بنیاد پر نفرت پھیلائی جائے اور ممکنہ طور پر امن و شانتی کی صورتحال میں خلل ڈالا جائے ‘‘۔
ضلع مجسٹریٹ نے حکمنامے میں کہا’’ان ملک دشمن افراد یا گروہوں کی طرف سے اس قسم کی کارروائیاں سٹیٹ کی سلامتی اور امن و امان کی بحالی کیلئے نقصان دہ ہیں اور عوام کے امن کو خراب کرنے کا خدشہ بھی ہے ‘‘۔
حکمنامے میں کہا گیا’’ان دشمنوں کی طرف سے ایسی کارروائیاں انجام دینے کا مقصد عام لوگوں کو خوف زدہ کرنا اور عوامی کارکنوں کو بھی دہشت زدہ کرنا ہے تاکہ وہ اپنے قانونی فرائض انجام نہ دے سکیں‘‘۔
سدھن نے کہا’’سیکشن۱۴۴سی آر پی سی۱۹۷۳کے ذریعہ عطا کردہ اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے میں ضلع مجسٹریٹ کپوارہ آیوشی سدھن لوگوں کو ضلع کپوارہ کے حدود میں مذکورہ مواد، پوسٹوں کو شیئر کرنے یا پوسٹ کرنے سے باز رہنے کا حکم دیتی ہوں‘‘۔
ضلع مجسٹریٹ نے کہا کہ یہ حکم فوری طور پر نافذ العمل ہوگا۔