نئی دہلی//مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے پیر کو کہا کہ مرکزی حکومت سرحدی علاقوں کی ترقی کو یقینی بنانے کیلئے وقف ہے۔ انہوںنے کہا کہ حکومت سرحدی علاقوں کی ترقی کو یقینی بنانے کیلئے مسلسل کوششیں کر رہی ہے۔
وزیر داخلہ نے آسام کا دورہ کرکے وہاں تعمیراتی پروجیکٹوںکا افتتاح کرنے کے علاوہ مانکاچار سیکٹر سے بنگلہ دیش کی سرحد کے ساتھ صورتحال کا جائزہ لیا اور آپریشنل حکمت عملیوں پر بی ایس ایف کے سینئر عہدیداروں کے ساتھ بند کمرے میں میٹنگ کی۔
وزیر داخلہ نے زور دے کر کہا کہ سرحدی علاقوں میں ترقی کا فقدان ہے جس کی وجہ سے لوگ نقل مکانی کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی ان علاقوں میں ترقی لانے کی مسلسل کوششیں کر رہے ہیں۔
انہوں نے ٹویٹ کیا کہ سرحدی علاقوں میں تعینات بی ایس ایف اہلکاروں کو سیکورٹی بڑھانے کے لیے جدید ترین ٹیکنالوجی فراہم کی جائے گی۔شاہ اپنے دورے کے دوران شمال مشرقی ریاست میں کئی تقریبات میں شرکت کرنے والے ہیںجن میں ہمنتا بسوا سرما کی زیر قیادت حکومت کی پہلی سالگرہ کی تقریبات بھی شامل ہیں۔
مرکزی وزیر داخلہ اتوار کی رات دیر گئے گوہاٹی پہنچے تھے۔ وہ تمول پور ضلع کے کیلینچی میں سینٹرل آرمڈ پیرا ملٹری فورس (سی اے پی ایف) کے لیے سینٹرل ورکشاپ اور اسٹور کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔
اس کے بعد امیت شاہ کامروپ ضلع کے امینگاؤں میں مردم شماری کے دفتر اور گوہاٹی میڈیکل کالج اور اسپتال میں سپر اسپیشلٹی کارڈیوتھوراسک اینڈ نیورو سائنسز سینٹر کا افتتاح کریں گے۔وہ منگل کو گوہاٹی میں ایک تقریب میں آسام پولیس کو ‘صدر کا رنگ پیش کریں گے اور فورس کے افسران اور اہلکاروں سے بات چیت بھی کریں گے۔ اہم بات یہ ہے کہ آسام یہ کارنامہ انجام دینے والی دسویں ریاست بن جائے گی۔ یہ اعزاز آسام پولیس کو شورش کا مقابلہ کرنے، جرائم پر قابو پانے، امن و امان برقرار رکھنے اور شہریوں کی جان و مال کی حفاظت کو یقینی بنانے میں اس کی غیر معمولی کارکردگی کے لیے دیا جائے گا۔