سرینگر//
اپنی پارٹی کے صدر‘ سید محمد الطاف بخاری نے منگل کو ایل جی انتظامیہ پر لوگوں کو مناسب بجلی سے محروم کرنے کا الزام لگایا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ سخت موسمی حالات میں لوگوں کو اجتماعی سزا دینا مناسب نہیں ہے۔
منگل کو نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے بخاری نے کہ جموں کشمیر کی انتظامیہ پر لوگوں کو جاری سردیوں میں بجلی کی مناسب فراہمی سے محروم رکھنے کا الزام لگایا۔
اپنی پارٹی کے صدر کاکہنا تھا’’انتظامیہ باہر سے اضافی بجلی نہ خرید کر لوگوں کو سزا دے رہی ہے۔ جیسا کہ ہم جانتے ہیں کہ میٹر نصب ہیں اور صارفین بجلی کے واجبات باقاعدگی سے ادا کر رہے ہیں، اس لیے میں سمجھتا ہوں کہ لوگوں کو جاری سردیوں میں مناسب بجلی فراہم نہ کرنا ان کے ساتھ ناانصافی ہے‘‘۔
بخاری نے کہاؔ’’سردیوں میں لوگوں کو اجتماعی سزا دینا ناجائز ہے۔ایل جی انتظامیہ کو جموں و کشمیر کے لوگوں کو بجلی فراہم کرنے کیلئے مرکز سے مزید فنڈز طلب کرنے چاہئیں‘‘۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ وادی کشمیر اس وقت شدید سردی کی لپیٹ میں ہے اور جموں و کشمیر کے طول و عرض میں بجلی کی ناقص فراہمی ہے۔
پیر کو پی ڈی پی کے پرنسپل سیکریٹری نے بجلی سپلائی کی صورتحال کا جائزہ لیا جس دوران انہوں نے محکمہ کو ہدایت دی کہ وہ اضافی بجلی نہ خریدے ۔ ساتھ ہی انہوں نے غیر اعلانیہ کٹوتی کو نا قابل برداشت بھی قراردیا۔