سرینگر/ 18 نومبر
معاشرے سے منشیات کی وبا کی مکمل بیخ کنی کو یقینی بنانے کے لئے بارہمولہ پولیس نے جہاں وسیع پیمانے پر منشیات فروشوں کی گرفتاری کی مہم چھیڑ رکھی ہے وہیں جمعہ نماز کے دوران منشیات مخالف بیداری کے موضوع پر خصوصی خطبوں کے بندوبست کے لئے بھی پہل کر رہی ہے۔
بارہمولہ پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ پولیس کی پہل پر ضلع کے قرب و جوار میں زائد از ایک سو ائمہ نے جمعہ کے دن مساجد میں منشیات مخالف موضوع پر خصوصی خطبے دئے۔
ائمہ حضرات نے اپنے خطبوں میں نشے کو حرام قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کا کاروبار کرنے والوں کی کمائی بھی حرام ہے۔انہوں نے کہا کہ نشہ ہی ہمارے سماج میں رونما ہونے والے شرمناک واقعات کی بنیادی وجہ ہے۔
ائمہ حضرات نے لوگوں سے تاکید کی کہ وہ خود بھی اس کے خلاف بر سر پیکار ہو کر اپنے گھروں اور اپنے معاشرے کو اس قبیح وبا سے بچائیں۔انہوں نے کہا کہ منشیات کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑنا نہ صرف متعلقہ سرکاری اداروں کی ذمہ داری ہے بلکہ ہر ذی شعور انسان کا اخلاقی و دینی فریضہ بھی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ہمیں منشیات فروشوں کے ساتھ سماجی بائیکاٹ کرنا چاہئے۔
قابل ذکر ہے کہ منشیات کی وبا کے خلاف جنگ کو جاری رکھتے ہوئے بارہمولہ پولیس نے سال رواں کے پہلے 10 مہینوں کے دوران 242 مقدمے درج کرکے 425 منشیات فروشوں کو گرفتار کیا ہے جبکہ منشیات کے کاروبار سے حاصل کی گئی کروڑوں روپے مالیت کی جائیدادوں کو ضبط بھی کیا ہے۔