نئی دہلی//
نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے) نے دہشت گردی کی سازش کیس میں دو ملزمین کے خلاف چارج شیٹ داخل کی ہے، بشمول ایک پاکستانی شہری، تشدد اور دہشت گردی کی کارروائیوں کے ذریعے جموں و کشمیر کے امن اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو خراب کرنے کے منصوبے پر مشتمل ہے۔
ایک مقامی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ملزمان کی شناخت کپوارہ کے محمد عبید ملک اورپاکستان کے زیر قبضہ کشمیر کے محمد دلاور خان کے طور ہوئی ہے ۔
ایجنسی کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ دونوں جموں و کشمیر میں سیکورٹی فورسز اور نام نہاد’باہر کے لوگوں‘پر حملے کرکے دہشت گردانہ سرگرمیوں کو انجام دینے کی مجرمانہ سازش میں ملوث تھے۔
جیش محمدکے سربراہ مولانا مسعود اظہر علوی کا قریبی ساتھی دلاور، کالعدم دہشت گرد تنظیموں اور ان سے وابستہ افراد کی طرف سے دہشت گردانہ کارروائیوں اور سرگرمیوں کو انجام دینے کی ایک بڑی سازش کے حصے کے طور پر کشمیری نوجوانوں کو تحریک دینے میں مصروف تھا۔
بیان میں لکھا ہے کہ این آئی اے کی تحقیقات کے مطابق دلاور عبید کو جی ای ایم کے عسکریت پسندوں کی صفوں میں شامل ہونے کی ترغیب دینے کا ذمہ دار تھا۔