سرینگر//
وادی کشمیر کے شہرہ آفاق مغل باغوں میں ان دنوں موسم خزاں کے سحر انگیز رنگوں سے لطف اندوز ہونے کیلئے سیاحوں بالخصوص غیر مقامی سیاحوں کا ہجوم نظر آ رہا ہے ۔
وادی میں موسم خزاں عالم شباب پر ہے درختوں خاص طور پر چنار کے درختوں کے پتوں نے زرد رنگ کا لباس پہن لیا ہے جو ایک الگ ہی نظارہ پیش کر رہا ہے اور سیاحوں کے لئے کشش کا باعث بن گیا ہے ۔
اندور سے تعلق رکھنے والے آنند کوٹھاری نامی سیاح اپنے اہل خانہ کے ساتھ موسم خزاں سے لطف اندوز ہونے کے لئے سیدھے نشاط باغ پہنچ گئے ۔انہوں نے کہا’’نشاط باغ میں چنار درختوں کے پتوں کا زرد رنگ انتہائی مسحور کن ہے ‘اس بے مثال خوبصورتی کو الفاظ میں بیان کرنا ممکن ہی نہیں ہے ‘‘۔
ان کی اہلیہ نے کشمیر کے موسم، ماحول اور موسم خزاں کی تعریفوں کے پل باندھتے ہوئے کہا’’میں بے حد خوش ہوں کہ ہم اس موسم میں یہاں کی سیر کے لئے آئے یہاں آج ہر سو خوبصورتی ہی خوبصورتی ہے ‘‘۔ایک اور اہلخانہ نے کہا’’میں نے سنا تھا کہ ماہ نومبر میں کشمیر کی سیر پر جانا چاہئے اس موسم میں یہاں ماحول زیادہ ہی پر کیف ہوتا ہے اور پہاڑ بھی برف سے ڈھکے ہوئے ہوتے ہیں‘‘۔
سیاح نے کہا کہ آج یہاں موسم دلفریب ہے ہم اپنے اس ٹرپ سے پوری طرح سے لطف اندوز ہوں گے ۔ان کا کہنا تھا’’جہاز میں بیٹھے ہوئے جب یہاں کے پہاڑوں پر برف دیکھی تو کافی خوشی محسوس ہوئی‘‘۔
بنگلورو سے تعلق رکھنے والے سنجے صوبیدار نامی ایک سیاح جو پہلی بار کشمیر آئے ہیں، نے کہا کہ کشمیر میں موسم خزاں کا رنگ نہایت دلکش و دلنیش ہوتا ہے ۔انہوں نے کہا’’نشاط باغ میں قد آور چنار درختوں کے پتوں کا زرد رنگ بے مثال خوبصورتی کا نظارہ پیش کرتے ہیں‘‘۔مدثر علی نامی ایک مقامی سیاح نے کہا کہ وہ خزاں کے موسم میں نشاط باغ ضرور آتا ہے ‘‘۔
صوبیدار نے کہا’’اس موسم میں یہاں آکر ایسا لگتا ہے کہ جیسے کسی دوسری دنیا میں پہنچ گے ہیں جہاں کے پتوں کا رنگ سبز نہیں زرد ہوتا ہے اور پھر ان زرد پتوں پر چلنے سے نکلنے والی آوازیں کسی مسحورکن موسیقی سے کم پر کیف نہیں ہے ‘‘۔
وادی کشمیر اپنی منفرد قدرتی خوبصورتی کیلئے دنیا کے گوشہ و کنار میں مشہور ہے اور موسم خزاں میں اس خوبصورتی میں مزید چار چاند لگ جاتے ہیں۔دنیا بھر کے سیاح اس موسم میں کشمیر آکر یہاں کے درختوں کے پتوں کے بدلتے ہوئے رنگوں کے دلکش نظاروں سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔کشمیر میں موسم خزاں میں درختوں کے پتوں کے رنگ سبز لباس کو چھوڑ کر زرد لباس پہنتے ہیں جس سے ہر سو خوبصورتی ایک ایک الگ ہی نظارہ دیکھنے کو ملتا ہے ۔
وادی میں موسم خزاں کو گولڈن موسم کے نام سے بھی یاد کیا جاتا ہے اور اس موسم میں زمین بھی رنگین پتوں سے بھری ہوتی ہے ۔ اس موسم میں یہاں کے باغات خاص کر نشاط، شالیمار، نسیم باغ وغیرہ میں چنار کے پتوں کا خوبصورت فرش بچھا ہوتا ہے جو سیاحوں کو اپنی طرف کھینچتا ہے ۔
یوں تو وادی کشمیر میں چاروں موسموں کا اپنا ایک منفرد رنگ ہے جس کی وجہ سے یہاں سال بھر سیاحوں کا تانتا بندھا رہتا ہے لیکن موسم خزاں میں جب پتے رنگ بدلتے ہیں اور درختوں سے گرنے لگتے ہیں تو اس سے سیاحوں کے لئے ایک الگ نظارہ پیدا ہوجاتا ہے ۔