سرینگر//
جموںکشمیر پولیس نے بدھ کے روز گرفتار ملی ٹینٹ کی ’’دی گیم موڈی فکیشن ‘‘نامی ایک دکان کو سیل کیا ، جس کا استعمال زر پارہ بجبہاڑہ میں مزدور پر دہشت گردانہ حملے کے لئے کیا گیا تھا۔
پولیس نے اس سلسلے میں پہلے ہی کالعدم تنظیم جیش کی ذیلی ونگ کشمیر فریڈم فائٹرسے وابستہ چھ ملی ٹینٹوں کو حراست میں لیا ہے۔
پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ۲۹مئی۲۰۲۳کو جنگلات منڈی اننت نا گ کے نزدیک دہشت گردوں نے ایک مزدور دیپک کمار عرف دیپو ساکن ادھم پور پر نزدیک سے گولیاں چلائیں جس کے نتیجے میں وہ شدید طورپر زخمی ہوا اور بعد ازاں جی ایم سی اننت ناگ میں وہ زخمیوں کی تاب نہ لا کر چل بسا۔
پولیس نے اس ضمن میں ایف آئی آر زیر نمبر۱۷۱/۲۰۲۳زیر دفعات۷/۲۷آرمز ایکٹ اور یو اے پی اے ایکٹ کے تحت کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی۔
پولیس ترجمان کے مطابق تحقیقات کے دوران پولیس نے چھ ملی ٹینٹوں کی گرفتاری عمل میں لائی جو جیش کی ذیلی ونگ کشمیر فریڈم فائٹرسے وابستہ تھے۔
پولیس نے گرفتار شدگان کی شناخت سہران بشیر نداف ولد بشیراحمد ساکن شیر پورہ دیوا کالونی، عبید نذیر لنگو ولد نذیر احمد ساکن شر پورہ نیو کالونی، عمر امین ٹھوکر ولد محمد امین ساکن واگہامہ ، حذیف شبیر احمد ولد شبیر احمد بٹ ساکن وچھی شوپیاں، ناصر فاروق شاہ ولد فاروق احمد شاہ ساکن ونتراگ بجبہاڑہ اور سویف شوکت بٹ ولد شوکت احمد ساکن فتح پورہ کے بطور کی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ بدھ کے روز زر پارہ بجبہاڑہ میں گرفتار ملی ٹینٹ عمر امین ٹھوکر کی دکان ’دی گیم موڈفکیشن ‘ کو منسلک کیا گیا ہے۔