سرینگر//
شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے اولڈ ٹاؤن میں ہفتے کی دو پہر کو آگ کی ایک واردات میں کم سے کم چار رہائشی مکانوں کو نقصان پہنچا۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ اولڈ ٹاؤن بارہمولہ میں ہفتے کی دوپہر کو ایک رہائشی مکان سے آگ نمودار ہوئی جس کے شعلوں نے چشم زدن میں متصل ہی واقع تین مکانوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
ذرائع نے کہا کہ آگ لگنے کی اطلاع موصول ہوتے ہی پولیس اور فائر ٹنڈرس جائے واردات پر پہنچ گئے اور آگ کو قابو میں کرنے کے کام میں لگ گئے ۔ان کا کہنا تھا کہ آگ کو قابو میں آنے تک کم سے کم چار مکانوں کو نقصان پہنچا۔
مذکورہ ذرائع نے کہا کہ آگ لگنے کی وجہ ابھی معلوم نہیں ہوسکی ہے تاہم اس سلسلے میں تحقیقات کی جا رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ آگ کی اس واردات میں کسی کے زخمی ہونے کی کوئی اطلاع نہیں ہے ۔