کپواڑہ/۳۱اکتوبر
نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ نے بی جے پی کو جموں و کشمیر میں انتخابات کرانے کا چیلنج دیتے ہوئے کہا کہ وہ جموں و کشمیر میں 10 نشستیں بھی نہیں جیت سکتی ہے۔
عمر عبداللہ نے کپواڑہ ضلع میں ایک عوامی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا”میں انہیں جموں و کشمیر میں اسمبلی انتخابات کرانے کا چیلنج دیتا ہوں۔ وہ جموں و کشمیر کے طول و عرض میں 90 نشستوں میں سے 10 نشستیں بھی نہیں جیت پائیں گے“۔
این سی صدر نے کہا”ان کی (بی جے پی) تمام بی، سی اور ڈی ٹیمیں اگر انتخابات منعقد کرتی ہیں تو وہ ہار جائیں گی“۔
عمرعبداللہ نے کہا کہ بی جے پی نے گزشتہ پانچ سالوں میں جموں و کشمیر میں جو تباہی اور بربادی کی ہے اس کا تصور بھی نہیں کیا جاسکتا۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے بے روزگار نوجوانوں سے رشوت لی۔ انہوں نے بڑی کمپنیوں سے رشوت لی۔ دیگر محکموں میں بھی بڑے پیمانے پر بدعنوانی کے الزامات ہیں۔
این سی نائب صدر نے کہا کہ بی جے پی جانتی ہے کہ اگر وہ جموں و کشمیر میں انتخابات کرواتی ہے تو سب کچھ بے نقاب ہوجائے گا۔ یہی وجہ ہے کہ وہ کشمیر میں انتخابات نہیں کرواتی۔ انہوں نے پہلے ہی لداخ انتخابات میں لوگوں کی ناراضگی دیکھی ہے جہاں وہ جیت نے میں کامیاب رہے۔
عمرعبداللہ نے کہا”یا تو آج، کل یا پرسوں، انہیں (بی جے پی کو) جموں و کشمیر میں انتخابات کروانے ہوں گے۔ وہ انتخابات سے ہمیشہ بھاگ نہیں سکتی۔ اسے کسی دن کشمیر میں انتخابات کرانے ہیں“۔
انہوں نے کہا کہ کشمیر کے معاملات کو سنبھالنے کے لئے تمام افسران کو باہر سے لایا گیا ہے۔انہوں نے کہا”یہ افسرمقامی زبان نہیں بول سکتے، مذہب کو بھول جائیں۔ کشمیر میں ایک بھی مسلمان افسر نہیں ہے۔ ہمارا کیا قصور ہے؟ ہمارے ساتھ ایسا سلوک کیوں کیا جاتا ہے؟ کیا وہ اتر پردیش جیسی ریاست میں ایسا کچھ کر سکتے ہیں؟ “(ایجنسیاں)